نئی دہلی //سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI)صوبہ دہلی کی جانب سے صوبہ کے کوآرڈینٹر ڈاکٹر نظام الدین خان کی قیادت میں فلسطینیوں پر ہورہے اسرائیلی حملے اور ظلم وستم کے خلاف اقوام متحدہ کے روبرو احتجاجی مظاہر ہ کیا گیا۔اس احتجاجی مظاہرے میں ایس ڈی پی آئی قومی ورکنگ کمیٹی رکن ڈاکٹر تسلیم احمد رحمانی، ڈاکٹر نظام الدین خان، پر ویز احمد صدر ، پاپولر فرنٹ ، صوبہ دہلی نے مذمتی تقاریر کیں۔ مظاہرے میں خواتین سمیت سینکڑوں کارکنان شریک رہے۔ احتجاجی مظاہرے کے اختتام میں ایس ڈی پی آئی کی جانب سے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کو مندرجہ ذیل مطالبات پر مشتمل میمورینڈم سونپا گیا۔ ایس ڈی پی آئی انسانی حقوق اور جمہوری اقدار کے لیے مہم چلا رہی ہے ۔ جس کے تحت نئی دہلی سمیت ملک بھر میںایس ڈی پی آئی نے احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کرکے اسرائیل اور امریکہ کے ظالمانہ اور مجرمانہ کاررائیوںاور اقوام متحدہ کی ناکامی کے خلاف احتجاجی درج کررہی ہے۔ تیل ابیب سے یروشلم کو امریکی سفارت خانہ کی منتقلی کو ایس ڈی پی آئی سخت مذمت کرتی ہے۔ میمورینڈم میں ایس ڈی پی آئی نے مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ موثر اقدامات کے ذریعے اسرائیل کو جنگی مجرم قراردیکر اس پر سخت کارروائی کرے۔معصوم فلسطینیوں کا قتل بند کیا جائے اور فلسطینیوں کو اپنے وطن واپس لوٹنے کی اجازت دی جائے نیز امریکی سفارت خانہ کی اسرائیل منتقلی جو فلسطینیوں اور بین الاقوامی برادری کے اتفاق رائے کے خلاف ہے اسے قبول نہ کیا جائے۔