عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//امرناتھ جی یاترا2026 کے پیش نظر، انسپکٹر جنرل آف پولیس وی کے۔ بردی نے کل ضلع گاندربل میں سیکورٹی انتظامات اور تعیناتی کے منصوبے کا زمینی جائزہ لیا۔ ان کے ساتھ ڈی آئی جی سنٹرل کشمیر رینج، ڈی آئی جی نارتھ کشمیر رینج، ایس ایس پی سری نگر، ایس ایس پی گاندربل، ایس ایس پی بانڈی پورہ، پولیس اور سول انتظامیہ کے دیگر سینئر افسران بھی تھے۔دورے کے دوران آئی جی پی کشمیر نے ٹرانزٹ کیمپ منیگام کا معائنہ کیا اور یاتریوں کی ہموار، محفوظ اور پریشانی سے پاک نقل و حرکت کے لیے کیے جا رہے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے یاترا کے راستے کے ساتھ اہم مقامات پر پولیس، سی اے پی ایف اور دیگر سیکور ٹی تعیناتی کا بھی جائزہ لیا۔آئی جی پی بردی نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی یا غیر متوقع صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے وسیع پیمانے پر موک ڈرلز (Mock Drills) منعقد کی گئی ہیں، تاکہ تمام متعلقہ اداروں کے کردار اور ذمہ داریوں کو واضح کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا، “ان موک ڈرلز کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ ہر متعلقہ ادارہ اپنی ذمہ داری سے بخوبی آگاہ ہو اور کسی بھی غیر متوقع صورتحال میں مربوط انداز میں کارروائی کرے۔آئی جی پی نے بتایا کہ یاترا کے راستے اور اس سے ملحقہ علاقوں پر مسلسل نظر رکھنے کے لیے بلند مقامات سے بھی نگرانی اور مؤثر سپروژن کا انتظام کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یاترا کے راستے کے کئی حصے قدرتی آفات، جیسے لینڈ سلائیڈنگ (زمین کھسکنے)، برفانی تودے گرنے ( اور گلیشیئر کی نقل و حرکت کے حوالے سے حساس ہیں۔ ان خطرات سے نمٹنے کے لیے متعلقہ ایجنسیوں کی جانب سے ٹیبل ٹاپ مشقیں بھی منعقد کی گئی ہیں۔ بردی نے مزید بتایا کہ میڈیکل ریسپانس ٹیمیںاور دیگر ہنگامی امدادی و ریسکیو یونٹس کو حساس مقامات پر حکمتِ عملی کے تحت تعینات کیا گیا ہے تاکہ خراب موسم یا کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری امداد فراہم کی جا سکے۔