فاروق ڈار:اب ’باغی ٹو‘ بالی ووڈ فلم میں عکاسی ہوگی

سرینگر//پارلیمانی انتخابات کے روز ہی فوجی میجر کی طرف سے انسانی ڈھال بنائے جانے والے فاروق احمد ڈار کوایک ووٹ نے ہمیشہ کیلئے ووٹ نہ دینے کیلئے مجبور کیا۔ڈار کا کہناہے’’اگر میرا ووٹ ڈالنا میرا قصور تھا،تو میں اب کھبی ووٹ نہیں ڈالوں گا‘‘۔بڈگام کے ژھل بیروہ میں فاروق احمد ڈار نے ووٹر سپل نمبر 61کے تحت جلدی جلدی ووٹ ڈالنے کے عمل کو نپٹا کرایک ساتھ کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سوار ہوکر تعزیت میں شامل ہونے کے لئے نکلا۔ اٹلی گام کے نزدیک،اس کو حراست میں لیکر فوجی افسر میجر للت گگوئے نے گاڑی کے آگے باندھ کر انسانی ڈھال بنا دیا،اور دن بھر علاقہ در علاقہ اسی حالت میںگھماتا رہا۔اب بالی ووڑ اداکار ٹائیگر شروف کی تازہ ایکشن فلم’’باغی۔دوئم‘ میں فاروق احمد ڈار کو ہراساں کرنے کی نمائش کی گئی ہے۔ سجاد نڈیاوالا کی فلم باغی دوئم میں فوجی افسر رنیویر پرتاپ سنگھ(جسکا رول ٹائیگر شروف) کر رہے ہیں،میں ایک کشمیری نوجوان(ممکنہ جنگجو یا سنگباز) کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر کے ناراض بھیڑ سے بچنے کیلئے گاڑی کے آگے باندھا جاتا ہے۔ڈار کا کہنا ہے کہ اس طرح کے واقعات سے انکا دل پسیج جاتا ہے کہ مہذب دنیا میں اس طرح کی حرکات کرنے والے لوگوں کو بھی ہیرو بنایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا’’، میں انسان تھا،جانور نہیں جس کو رسی سے باندھا گیا‘‘۔گزشتہ برس ایک اوربوال اس وقت کھڑا ہوا جب آن لائن انڈین سٹور کمپنی’’ٹی شارٹ بھیا‘‘ نے فاروق احمد ڈار کو گاڑی سے باندھنے کی تصویر ٹی شرٹ پر چسپاں کر کے  مارکیٹ میں متعارف کرائی، اس پر ایک تنازعہ کھڑا ہوا۔