فاروق خان نے گندم کی خریداری پر پیش رفت کا جائزہ لیا

جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے آج ربیع مارکیٹنگ سیزن ( آر ایم ایس ) 2021-22 کیلئے گندم کی فصل کی خریداری پر پیش رفت کا جائیزہ لینے کیلئے ایک میٹنگ طلب کی ۔ مشیر نے اس سلسلے میں مختلف امور پر گفت و شنید کی جس میں تھیلوں کا بندوبست شامل ہے جس میں 1.00لاکھ کوئنٹل سے لیکر 1.75 لاکھ کوئنٹل میں ترمیم کی گئی ہے ، کاشتکاروں کو خریداری کے 72 گھنٹے میں ادائیگی اور خریداری کی مدت میں موجودہ کووڈ 19 پابندیوں کی وجہ سے توسیع شامل ہے ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ گندم خریداری مراکز کا اولین مقصد یہ ہے کہ کسانوں کو گندم کی صحیح قیمت ملنی چاہئیے جو فوڈ کارپوریشن آف انڈیا نے 1975 روپے فی کوئنٹل مقرر کی ہے ۔  میٹنگ میں بتایا گیا کہ جموں ، سانبہ اور کٹھوعہ اضلاع میں گندم کی خریداری میں آسانی کیلئے قریب 20 گندم کے خریداری مراکز قائم کئے گئے ہیں ۔ ان خریداری مراکز کے قیام کا مقصد یہ یقینی بنانا تھا کہ کاشتکاروں کو اپنی پیداوار کو 1975 روپے فی کوئنٹل سے کم قیمت پر فروخت نہ کرنا پڑے ۔ مشیر خان نے متعلقہ محکموں کو کاشتکاروں کو ادائیگی کی فراہمی کے عمل میں تیزی لانے کی ہدایت دی ۔ ڈائریکٹر زراعت نے مشیر کو محکمہ زراعت کے ساتھ کوارڈینیشن میں فوڈ کارپوریشن آف انڈیا کے ذریعہ تھیلے ، خریداری کے انتظامات اور دیگر ضروری سہولیات کے بارے میں آگاہ کیا ۔ میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ خریداری کی مدت میں مزید 10 دن کی توسیع کی جائے تا کہ کاشتکاروں کو اپنی فصلوں کو فروخت کرنے میں مدد مل سکے ۔ میٹنگ میں ڈائریکٹر زراعت پیداوار و بہبودیِ کساناں جموں کے کے شرما ، جنرل منیجر ایف سی آئی جموں این آر پردھان ، ایڈیشنل سیکرٹری سی ایس اینڈ سی اے جگل کشور ، چیف زراعت افسر جموں اے ایس رین ، منیجر کیو سی ، ایف سی آئی گوپال کرشن اور متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔