فائزر کی ویکسین موثر ہے یا نہیں

نئی دہلی//کورونا ویکسین کے لئے دوسرے اور تیسرے مرحلے کا انسانی ٹسٹ کررہی امریکہ کی دواساز کمپنی فائزر کے چیف ایکزی کیٹیو افسر (سی ای او) البرٹ برلا نے کہا ہے کہ اکتوبر کے آخر تک پتہ چل جائے گا کہ ویکسین موثر ہے یا نہیں اور اگر یہ موثر ثابت ہوتی ہے تو دسمبر تک یہ امریکہ میں تقسیم ہوسکتی ہے ۔فائزر جرمنی کی کمپنی بائیواینٹیک کے ساتھ مل کر کورونا ویکسین ڈیولپ کررہی ہے ۔ فائزر کے سی ای او نے اتوار کو ایک امریکی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا ہے کہ پورا امکان ہے کہ اگلے ماہ کے آخر تک کمپنی تیسرے مرحلے کے ٹسٹ دستاویز امریکہ کے فوڈ اینڈ میڈیسن اتھارٹی یعنی یو ایس ایف ڈی اے کے سامنے پیش کردے گی۔انہوں نے کہا کہ اس بات کے ساٹھ فیصد امکانات ہیں کہ اس وقت تک یہ پتہ چل جائے گی کہ ویکسین موثر ہے یا نہیں۔ اس کے بعد یہ یو ایس ایف ڈی اے کا کام ہے کہ وہ ہمیں لائسنس جاری کرتے ہیں یا نہیں۔ حالانکہ ہم نے پوری تیاری کرلی ہے اور اب تک ہم نے لاکھوں ڈوز تیار کرلئے ہیں۔ اگر ویکسین کامیاب ثابت ہوتی ہے تو یو ایس ایف ڈی اے اور ایڈوائزری کمیٹی اس سے مطمئن ہوتی ہے تو ہم تقسیم کے لئے پوری طرح تیار رہیں گے ۔یواین آئی