غیر ملکی کھلاڑی میں وائرس کی علامات کے باعث ٹورنامنٹ ملتوی کیا:وسیم خان

 لاہور/ پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان نے کہا ہے کہ غیر ملکی کھلاڑی میں کورونا کی علامات کے باعث پی ایس ایل ملتوی کیا گیا۔لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران وسیم خان نے کہا کہ کورونا پوری دنیا کو متاثر کررہا ہے تو کرکٹ بہت چھوٹی بات ہے، ہم نے پی ایس ایل مکمل کرانے اور اس سے منسلک تمام لوگوں کے تحفظ کے لیے بہت اقدامات کیے، اس کے لیے میچ بھی کم کیے۔ ہم نے تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کو واپس جانے کا آپشن دیا، آج میچز کھیلنے کے لیے تیار تھے، چاروں ٹیمیں تیار تھیں اور فرنچائز نے بھی کسی قسم کے تحفظات کا اظہار نہیں کیا۔وسیم خان کا کہنا تھا کہ ایک غیر ملکی کھلاڑی میں کورونا کی علامات ہیں، مشتبہ کھلاڑی کاپتہ چلنے کے بعد ایونٹ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا، پی ایس ایل میچز ملتوی کرنے کا مقصد کھلاڑیوں اور آفیشلز کا تحفظ ہے، غیر ملکی کھلاڑی وطن واپس جاچکا ہے، مشتبہ کھلاڑی کا نام ظاہر نہیں کریں گے۔ حالات بہتر ہوں گے تو فرنچائزز سے بات چیت کے بعد مقابلے ہوں گے۔