غیر قانونی طبی مراکز اور ادویہ فروشوں کا کریک ڈائون

کوکرناگ+بیروہ+بارہمولہ// محکمہ صحت نے واندیولگام کوکر ناگ اور لارنوکوکرناگ میںایک ڈینٹل کلنک اور6 ادویہ دکانوں کو سر بمہر کیا ہے ۔بی ایم او کوکر ناگ ڈاکٹر عابد بشیر نے ٹیم کے ہمراہ واندیولگام میں 2 دوائی کی دکانوں کا معائنہ کرکے اُنہیں بغیر لائسنس پایا ،جس پر دونوں دکانوں کو موقع پر ہی سر بمہر کیا گیا ۔اس سے پہلے مذکورہ آفیسر نے لارنو میں غیر قانونی طور چلائے جارہے ایک ڈینٹل کلنک اور4دوائی کی دکانیں سر بمہر کیں ۔بی ایم او نے بتایا کہ اُنہیں شکایت موصول ہوئی تھی کہ تحصیل کوکر ناگ میں کئی نجی کلنک و دوافروش غیر قانونی طور کام کررہے ہیں ،جس کے خلاف کاروائی عمل میں لائی گئی ۔ادھر محکمہ صحت نے بیروہ میں 3غیر قانونی ٹیسٹنگ لیبارٹریوںکو سربمہر کیا ہے۔ڈار نیوز بیروہ کے مطابق بلاک میڈیکل آفیسر ڈاکٹر مشتاق احمد ،تحصیلدار اور ایس ایچ او کی قیادت میں ایک ٹیم نے بیروہ قصبے میں کئی ٹیسٹنگ لیبارٹریوںاورادویہ دکانوں کے معائنے کے دوران ہمدرد لیبارٹری،نیشنل لیبارٹری اورسید لیبارٹری کو سربمہر کیا جبکہ 7ادویہ دوکانوںکو 7روز کے اندر اندر ضروری دستاویزات حاصل کرنے کی ہدایت دی گئی ۔اُدھر بلاک میڈیکل آفیسر شیری ڈاکٹر شیخ فاروق نے سنیچر کو بلاک میں غیر قانونی طورچلا ئے جارہے طبی کلنکوں کے خلاف ایک مہم شروع کرکے بلاک کے کئی علاقوں کا اچانک دورہ کیاجہاں انہوں نے 4غیر قانونی طبی کلنکوں کو بند کیا۔معلوم ہوا ہے محکمہ صحت کی ایک ٹیم جس کی صدارت بلاک میڈکل آفیسر شیری ڈاکٹر شیخ فاروق کررہے تھے، نے سنیچر کو شیری نارواو کے شیری ،ڈانگر پورہ ،ملپورہ ،ہیون کے علاوہ کئی دیہات کا دورہ کیا جہاںانہوں نے غیر قانونی طورچلا ئے جارہے چار کلنک سر بمہرکئے۔