سرینگر// جھیل ڈل اور اسکے گرد و نواح میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف مہم کو جاری رکھتے ہوئے لیکس اینڈ واٹر ویز ڈیولپمنٹ اتھارٹی (لائوڈا ) نے سوموار کو حبک ،برین ،تیل بل ،باغ روپ سنگھ اور مسکین باغ علاقوں میں متعدد ڈھانچوں کو منہدم کیا ۔لائوڈا کی انفورسمنٹ ونگ نے کل جھیل ڈل اور اس کے ملحقہ علاقوں میں غیر قانونی طور تعمیر کئے گئے مکانوں اور ڈھانچوں کو ہٹا لیا ۔ٹیم نے حبک ،برین ،تیل بل ،باغ روپ سنگھ اور مسکین باغ میں 2دومنزلہ مکان ،2یک منزلہ مکان ،2ٹین شیڈ اور کنکریٹ کے کئی ستون مہندم کئے ۔اس دوران لائوڈا ٹیم کو اگر چہ عوامی مزاحمت کا سامنا بھی کرنا پڑا تاہم اس کے باوجود ٹیم نے انہدامی کارروائی انجام دی ۔اس کے علاوہ ٹیم نے برین ، دودھ محلہ اور سعدہ کدل میں ناجائزتجاوزات کھڑا کرنے کیلئے مٹی کی بھرائی بھی ہٹا دی ۔لائوڈا نے کہا کہ غیر قانونی طور تعمیر کئے گئے ڈھانچوں کو ہٹانے کی مہم جاری رہے گی ۔