کشتواڑ// ضلع ترقیاتی کمشنر انگریز سنگھ رانا نے واڑون کا دورہ کرکے لوگوں کودرپیش مسائل کاجائزہ لیا۔اس دوران ایس ایس پی شکتی کمار پاتھک ودیگرضلع افسران بھی ڈی سی کے ہمراہ تھے۔دورے کے دوران مقامی لوگوں نے موبائل ٹاور کی بحالی، ایم جی نریگا ایکٹ کے تحت اجرتوں کی ادائیگی ، ہائی سکول انشن کے لئے بنیادی سہولیات، علاقہ انشن سے علاقہ آفتی، چوئے درامن، بسمینا اور شانگس تک برف ہٹانے ، علاقہ ہاپت ناڑ واڑون سے شانگس اننت ناگ تک ٹنل کی تعمیری ، ہوائی جہاز کے کرایہ میں کمی لانے ،علاقہ میں طبی و دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کامطالبہ کیا۔ لوگوں کے مسائل اورمطالبات کواطمینان سے سننے کے بعد ضلع ترقیاتی کمشنر نے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ عوامی مشکلات و مطالبات کاجلدازالہ کیاجائے ۔ علاوہ ازیں ضلع ترقیاتی کمشنر نے بلاک واڑون کے ترقیاتی افسر کوایم جی نریگاودیگرسکیموں کے تحت واجب الادااجرتوں کی ادائیگی کی ہدایت دی ۔اس موقعہ پرلوگوں نے علاقہ واڑون میں ڈاکٹروں کی غیرحاضری کامعاملہ اجاگرکیا۔انہوں نے کہاکہ علاقہ واڑون ایک دوردراز علاقہ ہے جہاں ڈاکٹروں و دیگر طبی سہولیات کا ہونا ضروری ہے۔ ضلع ترقیاتی کمشنرنے کہاکہ انتظامیہ کی جانب سے پوری کوشش کی جارہی ہے البتہ ڈاکٹروں کی غیر حاضری پر سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس دوران،ضلع ترقیاتی کمشنرنے لوگوں پرزوردیاکہ وہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیں اورجمہوریت کومضبو ط کریں۔اس موقعہ پرڈپٹی کمشنرنے تمام سرکاری ملازمین کوتلقین کی کہ وہ ضابطہ اخلاق کی پاسداری کرانے میں انتظامیہ کوتعاون دیں اوراگرکوئی بھی ملازم سیاسی جماعتوں کی سرگرمیوں میں ملوث پایاگیاتواس کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔