غلام محی الدین شاہ کی17ویں برسی

سرینگر// نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور ماہر قانون خواجہ غلام محی الدین شاہ (بچھ) کی17ویں برسی پر جمعہ کو مقبرہ واقع زیارت حضرت سید محمد منطقیؒ صاحب چھتہ بل سرینگرپر مختصر اور سادہ تقریب کا انعقاد ہوا جس میں پارٹی کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، سنٹرل سکریٹری عرفان احمد شاہ، ضلع صدر سرینگر پیر آفاق احمد،عہدیداروں اور کارکنوں نے شرکت کی ۔ تقریب کے دوران موصوف کے اُن ناقابل فراموش سیاسی ، سماجی اور قانونی خدمات کو یاد کیا گیا جو اُنہو ں نے طالب علمی کے زمانے سے ہی کشمیری قوم کیلئے انجام دیئے اور لوگوں کی خوداعتمادی ، خدا اعتمادی خاص کر بنیادی حقوق ، عزت نفس اور بحیثیت کشمیری قوم زندہ رکھنے کیلئے عظیم قربانیاں پیش کیں۔پارٹی ناصر اسلم وانی نے پارٹی عہدیداران اور کارکنان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائر س سے پیدا شدہ صورتحال کسی بڑی تقریب کی قطعی اجازت نہیں دیتی۔ انہوں نے اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ جموں وکشمیر کے لوگ اس وقت گوناگوںمشکلات سے دوچار ہیں۔ انہوںنے کہا کہ گذشتہ دو سال سے یہاں غیر یقینیت اور بے چینی کی فضاء ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس تینوں خطوں کے عوام کی اُمنگوں، احساسات اور جذبات کو بخوبی سمجھتی ہے اور پارٹی ہر حال میں یہاں کے عوام کے حقوق کی بحالی کیلئے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے پارٹی عہدیداران اور کارکنان پر زور دیا کہ وہ پارٹی کی مضبوطی کیلئے کام کریں اور لوگوں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھ کر اُن کے مسائل و مشکلات کا ازالہ کرنے میں ہمیشہ پیش پیش رہیں۔