غزہ //فلسطین میں اسرائیل کی بمباری دوسرے ہفتے میں داخل ہوگئی۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ پر اسرائیل کی بمباری مسلسل آٹھویں روز بھی جاری رہی۔ راکٹ حملوں میں اسلامی یونیورسٹی کی ایک عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ خوش قسمتی سے حملے کے وقت طلبا اور عملہ یونیورسٹی میں موجود نہیں تھا۔فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں اب تک 218 فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیںجن میں 61 بچے، 35 خواتین اور 16 بزرگ شامل ہیں جب کہ اسرائیلی حملوں میں 1400 سے زائد فلسطینی زخمی ہیں اورغزہ پٹی کا وسیع علاقہ ملبے کاڈھیربن چکاہے۔اسرائیل کے تازہ ترین حملوں میں مرکزی ساحلی سڑک، سیکیورٹی کمپاؤنڈز اور کھلی جگہوں کو نشانہ بنایا گیا۔بجلی کی تقسیم کار کمپنی نے بتایا کہ اسرائیل کے فضائی حملوں سے غزہ کے بجلی گھر سے جنوبی غزہ شہر کے بڑے حصوں تک بجلی فراہم کرنے والی ایک لائن کو نقصان پہنچا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق تازہ ترین اسرائیلی حملے گزشتہ ہفتے ہونے والے تمام حملوں کے مقابلے میں زیادہ خطرناک اور وسیع پیمانے پر کیے گئے۔ان حملوں کے نتیجے میں کئی علاقوں کی بجلی منقطع ہو گئی اور بڑی تعداد میں عمارتوں کو نقصان پہنچا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نہتے فلسطینیوں کے خلاف حملوں میں اسرائیلی افواج اور یہودی آباد کار دونوں پیش پیش ہیں۔دوسری جانب غزہ سے حماس نے بھی اسرائیلی علاقے پر راکٹ داغے جس کے نتیجے میں 10 اسرائیلی بھی ہلاک ہوئے جب کہ لبنان کی جانب سے بھی اسرائیلی سر زمین پر راکٹ داغے گئے۔