اکھنور //کانگریس سنیئر لیڈر اور سابقہ ریاستی وزیر شام لعل شرما نے پسماندہ طبقہ کو ریزرویشن دینے کے عمل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ہمیشہ ہی سماج کی فلاح و بہبود اور تعمیر اتی اقدامات کا ساتھ دیا ہے ۔پنچایت گھرتالہ میں ایک عوامی اجلاس سے خطاب کے دوران انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت کی جانب سے غریبوں کو 10 فیصد ریزرویشن دینے کا عمل خوش آئند ہے ۔ انہوںنے کہاکہ کانگریس پارٹی نے ہمیشہ ہی سماج کے پسماندہ طبقہ کی فلاح بہبود کیلئے کام کیا ہے او ر اس عمل کو آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا ۔موصوف نے کہاکہ بل کی منظور ہم قدم ہے لیکن پسماندہ طبقہ کو اس کا فائدہ پہنچایا جاتا ہے یا معمول کے مطابق ہی ایک بار پھر سے عوام کیساتھ دھوکہ کیاجاتا ہے یہ آئندہ کچھ وقت میں پوری طرح سے عیاں ہو جائے گا ۔انہوں نے بھاجپا کی مرکزی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ مودی حکومت بے روز گاری کے معاملہ کو حل کر نے میں پوری طرح سے ناکام ہو چکی ہے ۔موصوف نے کہاکہ بھاجپا نے صوبہ جموں کی عوام کیساتھ کئے گئے وعدوں کو پوری نہیں کیا جس کی وجہ سے اس وقت صوبہ کی عوام سب سے زیادہ متاثر ہو رہی ہے ۔انہوں نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ کانگریس کو زمینی سطح پر مضبوط کرنے کیلئے بھاجپا کی عوام مخالف پالیسیوں کو عیاں کرنا شروع کریں ۔