پونچھ//تحصیل منڈی کے بیدار دریا میں بہہ گئی کمسن لڑکی کی لاش کو 4روز کی تلاش کے بعد باز یاب کروا لیا گیاہے ۔بدھ کو ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے بیدار دریا پر کپڑے دھوتے ہوئے ایک 12سالہ بچی غرقاب ہو گئی تھی جس کی نعش کو بیدار سے ایک کلو میٹر دور جالیاں دریا سے 4روز بعد بازیاب کیا گیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ چار دنوں سے پولیس ،آرمی اور مقامی لوگ آسیہ دختر محمد شریف سکنہ بیدار نامی بچی کی نعش کو تلاش رہے تھے اور سنیچر دوپہر کو جالیاں کے مقامی نوجوانوں اور پولیس نے مذکورہ بچی کی نعش کو دریا سے بازیاب کر لیا بعد ازاں پولیس نے قانونی لوازمات مکمل کر کے نعش کو آخری رسومات کیلئے لواحقین کے حوالے کر دیا ۔