اننت ناگ//حج و اوقاف کے وزیر مملکت سید فاروق اندرابی نے ویری ناگ میں ایک میٹنگ کے دوران عید میلاد النبی ؐ کے حوالے سے کئے جا رہے انتظامات کا جائیزہ لیا ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ محمد یونس ملک نے وزیر کو ایام متبرکہ کیلئے کئے گئے انتظامات کے حوالے سے تفصیلی جانکاری دی ۔ دریں اثنا وزیر موصوف نے بجلی حکام کو ہدایت دی کہ وہ کٹوتی شیڈول پر سختی سے عمل آوری کو ہر صورت میں یقینی بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ جنریٹروں کو تیاری کی حالت میں رکھا جانا چاہئے تا کہ زیارت گاہوں کو بجلی بلا خلل بہم رکھی جا سکے ۔ انہوں نے متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ عام لوگوں بالخصوص زائرین کیلئے پینے کا پانی ، غذائی اجناس ، کھانڈ ، رسوئی گیس ، تیل خاکی اور دیگر سہولیات دستیاب رکھیں تا کہ انہیں کسی قسم کی دقعتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ انہوں نے کہا کہ زیارت گاہوں کے ارد گرد اور گلی کوچوں کی صفائی ستھرائی کو بھی یقینی بنایا جانا چاہئیے ۔ اس میٹنگ میں مختلف محکموں کے افسرون نے شرکت کی ۔ جنہوں نے وزیر کو یقین دلایا کہ لوگوں کی راحت رسانی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے ۔
کاروانِ اسلامی کے اہتمام سے پروگرامات کو حتمی شکل
سرینگر//عید میلاد النبیؐ کی مناسبت سے امسال کے پروگراموں کو حتمی شکل دینے کے لئے المرکز المدارس الجامعۃ القادریہ کے صدر دفتر پر ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایگزیکٹیو ممبران و ضلع نگرانوں ، کشمیر یوتھ فائونڈیشن و کشمیر امداد فائونڈیشن کے ذمہ داروں کے علاوہ امیر کاروانِ اسلامی غلام رسول حامی نے بھی شرکت کی۔ کاروانِ اسلامی کے اہتمام سے ہر سال کی طرح اس سال بھی مرکزی جلوس کے علاوہ بانڈی پورہ، گاندربل، کنگن، بدروہ، دراس، کپوارہ، بڈگام، بیروہ،چرار شریف، ماگام، نارہ بل، ٹنگمرگ ، سرینگر،پٹن، پلوامہ، پونچھ ، نیریاں، سوپور کے علاوہ سینکڑوں مقامات پر میلاد النبی ؐکے جلوس و اجتماعات منعقد کئے جارہے ہیں۔کاروانِ اسلامی کے اہتمام سے ریاست گیر مرکزی جلوس صبح دس بجے مرکزی دفتر شہید گنج سے شروع ہوکر کرن نگر، بٹہ مالو، بمنہ، قمرواری، پارمپورہ، شالٹینگ، پنزی نارہ اور شادی پورہ سے گزر کر مرکز المدارس الجامعۃ القادریہ ترگام میں نماز جمعہ کے بعد موئے مقدس و دیگر تبرکات کی زیارت کے بعد اختتام پذیر ہوگا۔