میرواعظ، ڈاکٹر فاروق، محبوبہ مفتی،میر، بخاری اورسجادلون سمیت کئی لیڈروں کی لوگوں کو مبارکباد
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ،پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی، جموں کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی صدر جی اے میر، اپنی پارٹی صدر سید الطاف بخاری، پیپلز کانفرنس کے چیئرمین سجاد غنی لون اورنجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر کے سربراہ میرواعظ محمد عمر فاروق، جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی،انجمن حمایت الاسلام کے صدر مولانا خورشید احمد قانونگو ،حقانی ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمید اللہ حقانی اور ٹریڈ یونین لیڈر اعجاز احمد خان نے عید میلاد النبیؐ کے موقع پراہل اسلام کو مبارکباد پیش کی ہے۔نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اہل اسلام خصوصاً جموں کشمیر کے مسلمانوںکو مبارکباد پیش کی ہے۔ڈاکٹر عبداللہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حضورؐ کی سیرت اخلاق حسنہ کا بے مثال وبہترین نمونہ ہے۔انہوںنے کہاکہ جب ساری دنیا بدعملی میں مبتلا تھی، انسانیت کا نام ونشان مٹ چکا تھا، تو حضوؐر نے معلم اخلاق بن کر انسانی قدروں کو قدر ومنزلت بخشی۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ، جنرل سکریٹری علی محمد ساگر ،معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر مصطفی کمال اور صوبائی صدر ناصر اسلم وانی ، اراکین پارلیمان محمد اکبر لون، جسٹس (ر) حسنین مسعودی ،میاں الطاف احمد اور ترجمان عمران نبی ڈار نے بھی عوام کو اِس عظیم دن پر مبارک باد پیش کی ہے۔ پارٹی لیڈران نے صوبائی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ عید میلاد النبیؒ کے سلسلے میں درگاہ حضرت بل سمیت تمام درگاہوں، خانقاہوں،زیارتگاہوں اور کلیدی مساجد میں خاطر خواہ انتظامات رکھے جائے۔ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) صدرمحبوبہ مفتی نے لوگوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیغمبر اکرمؐ نے انسانیت کے لیے ہمدردی ، رحم ، رواداری اور بھائی چارے کے سبق سکھائے ہیں،ان سب کو آج کی دنیا میں بھرپور طریقے سے چلانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے بنی نوع انسان کو دئے گئے تمام عظیم تحائف میں سے حضورؐ کی ولادت سب سے بڑی ہے۔اس موقع پر محبوبہ نے لوگوں سے کہا کہ وہ خونریزی کے خاتمے اور جموں و کشمیر میں عزت اور وقار کے ساتھ امن کی واپسی کے لیے دعاکریں۔ جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی (جے کے پی سی سی) کے صدر غلام احمد میر نے لوگوں کومبارکباد دیتے ہوئے امن ، استحکام اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔ میر نے کہا کہ پیغمبر اکرمؐ کی ولادت بنی نوع انسان کیلئے اللہ کی طرف سے سب سے بڑا تحفہ ہے ، جس کی تعلیمات بنی نوع انسان کو سچائی اور راست بازی کی راہ پر گامزن کرتی رہیں گی۔انہوںنے کہا کہ دنیا کو حضورؐ کی تعلیمات پر عمل کرنے کی ضرورت ہے ، جنہوں نے ہمیں رنگ ، مذہب ، رواداری اور ہمدردی سے قطع نظر انسانیت کا احترام کرنا سکھایا ، جس پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت ہے۔اپنی پارٹی صدر سید الطاف بخاری نے جموں وکشمیر کی عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔ ایک بیان میں بخاری نے کہاکہ عید میلاد اسلامی تاریخ میں خصوصی اہمیت کی حامل ہے جس سے تاریکیوںاور جہالت کا خاتمہ ہوا اورامن اور سکون کے دور کا آغاز ہوا۔انہوں نے کہا’’ہمیں اِس مقدس دن سرور کائناتؐکی تعلیمات، سیرت طیبہ اور اسوئہ حسنہ کو اپنی زندگیوں میں عملی جامہ پہنانے کی کوشش کرنی چاہئے۔ بخاری نے اُمیدظاہر کی یہ مقدس دن جموں وکشمیر میں امنا اور بھائی چارہ کی نوید لیکر آئے گا اور یہ بے حس تشددکا سلسلہ ختم ہوگا۔انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے اپنے سربراہ میرواعظ محمد عمر فاروق کی جانب سے عالم بشریت کے نجات دہندہ اور سب سے بڑے محسن،پیغمبر اسلام ؐکی ولادت باسعادت کے مبارک موقع پر ایک پیغام میں عالم اسلام کو بالعموم اور مسلمانان جموںوکشمیر کو بالخصوص دلی مبارکباد اور تہنیت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ محسن انسانیت حضرت محمد عربیؐکی ولادت درحقیقت عقیدہ ،فکر ذہن اور تہذیب و تمدن کا ایک خوشگوار انقلاب تھا جس نے مثبت انداز میں انسانی کائنات کی نہ صرف کایابلکہ تقدیرپلٹ کررکھ دی اور دنیا کاایک سدا بہار انقلاب سے نہ صرف جغرافیہ بدل دیا بلکہ تاریخ بدل کر ایک نئے اور منفرد تہذیب اور تمدن کی بنیاد ڈالی۔بیان میں کہا گیا کہ حضرت محمدؐکی ولادتایک تاریخ ، ایک تہذیب اور ایک نئے تمدن اور ہمہ جہت انقلاب کا پیش خیمہ تھا جو آپ کی تشریف آوری کے ساتھ ہی دنیا نے بچشم خود دیکھا اور تاریخ میں پہلی بار انسانیت کو وہ سربلندی اور عزت و افتخار کی لازوال دولت حاصل ہوئی جس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔بیان میں حضورؐکو بھر پور عقیدت و محبت کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے مسلمانوں پر زور دیا گیاکہ وہ زبانی جمع خرچی کے بجائے صدق دلی سے آنحضوؐکی سیرت مقدسہ، حیات طیبہ اور اسوئہ حسنہ کو عملی زندگیوں میںنافذ کریں تاکہ دور حاضر میں اسلام اور مسلمانوں کیخلاف جو مکروہ اور مذموم سازشیں رچائی جا رہی ہیں ان کا توڑ ممکن ہو سکے۔ جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے عید میلادکی تقریب پر عالم اسلام خصوصاً جموں کشمیر کے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس بابرکت اور فضیلت والے دن کی بدولت ہی کائنات میں سچے نور کا ظہور ہوا۔ صدیوں کی جہالت، گمراہی ، دخترکشی ،بت پرستی ، رنگ ونسل اور گورے کالے کا خاتمہ ہوا اور ایک صالح نظام کی بنیاد پڑی۔ انہوں نے کہا کہ محسن انسانیت ؐ نے اسلام سلامتی ورحمت، اور انقلاب اسلامی کی بنیاد ہے۔ مولانا نے عالم اسلام کی سربلندی اور لوگوں کی خوشحالی کیلئے دعا کی ۔انجمن حمایت الاسلام کے صدر مولانا خورشید احمد قانونگو نے حضرت محمدؐ کی ولادت باسعادت پر اپنے تہنیتی پیغام میں کہاکہ جزیرہ عرب سے آنحضورؐ نے جو انقلاب بپا کیا، اس کااثر تاقیامت تک رہے گا۔ مولانا قانونگو نے کہاکہ حضورؐ کے اسوہ حسنہ سے نہ صرف مسلمان بلکہ غیر مسلم بھی فریفتہ تھے اور اخلاق و حلیمی سے دشمن بھی قائل ہوتے تھے۔ انہوںنے کہا کہ پیغمبرآخرالزمان ؐ نے جو فرمودات بیان کئے اْن پر دورِ حاضر میں امت مسلمہ عمل پیرا ہوکر نہ صرف دنیا بلکہ آخرت میں بھی کاسرخ رو ہونگے۔ مولانا قانونگو نے کہاکہ حضور? کی تعلیمات پر عمل کرکے امت مسلمہ دورِ حاضر کے نامساعد اور پریشان حالت سے نجات حاصل کرسکتے ہیں۔ حقانی میموریل ٹرسٹ نے مسلمانان عالم اور خصوصاً جموں و کشمیر کے مسلمانوں کو ہدیہ تہنیت پیش کی ہے۔ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمید اللہ حقانی نے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ آنحضورؐتمام جہانوں کیلئے رحمت بن کرظہور ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم امت کی صلاح و فلاح قران مقدس و سْنت نبویؐ کی پیروی میں ہی مضمر ہے۔ ٹرسٹ کے جنرل سیکریٹری بشیر احمد ڈار نے بھی مبارکباد پیش کی ہے۔EJCCچیئرمین اعجازاحمدخان نے اپنے پیغام میں کہاہے کہ رسول رحمتؐ کی تعلیمات اوراسوہ حسنہ عصرحاضرمیں بھی دنیا کوفساد ،افراتفری ،ہلاکتوں اورمنافرت سے نجات پانے کاواحد راستہ ہے ۔انہوں نے ایک بیان میں کہاکہ رسول اکرمؐ کواللہ تعالیٰ نے صرف مسلمانوں کیلئے ہی نہیں بلکہ اللہ کے تمام بندوں کیلئے رحمت بناکر بھیجا ۔
ٹریفک پولیس کی ایڈوائزری جاری
درگاہ حضرتبل پہنچنے کیلئے زائرین تعاون کریں
سرینگر//عید میلاد النبیؐ کے پیش نظر درگاہ حضرتبل پہنچنے کیلئے ٹریفک پولیس نے ٹریفک پلان مرتب کرلیا ہے تاکہ زائرین کودرگاہ حضرتبل پہنچنے میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور ٹریفک کی نقل و حمل بھی آسانی کے ساتھ جاری رہے ۔سٹی ٹریفک پولیس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ عید میلاد کی مناسبت سے 19 اکتوبر اور آئندہ جمعہ کے موقع پردرگاہ حضرتبل میں عقیدتمندوں کا ایک بہت بڑا اجتماع ہونے کا امکان ہے۔ اسلئے شمالی کشمیر سے آنے والی گاڑیاںشالہ ٹینگ پہنچنے کے بعدپارمپورہ سے ،قمرواری، سیمنٹ برج، نورباغ،سکہ ڈافر، عیدگاہ،سازگری پورہ،حول ،عالمگری بازار،مل اسٹاپ، مولوی اسٹاپ (لال بازار)اوربوٹہ شاہ محلہ کنہ تارسے ہوتے ہوئے یونیورسٹی پارکنگ صدرہ بل پہنچ جائیں ۔اسی طرح جنوبی کشمیر سے آنے والی گاڑیاں پانتہ چھوک سے اتھواجن، بٹوارہ، سونہ وار ، رام منشی باغ ،گپکار، گرینڈ پیلس ،زیارت گھاٹ نشاط کے راستے فور شور روڑ حبک کراسنگ یونیورسٹی پارکنگ تک پہنچیں گی ۔اسی طرح بڈگام اور اس سے ملحقہ علاقوں سے آنے والے عقیدتمندوں سے کہا گیا ہے کہ وہ حیدر پورہ ،ٹینگہ پورہ، بمنہ بائی پاس ،بمنہ کراسنگ ،قمر وای سیمنٹ برج ، سکہ ڈافر، عیدگاہ،سازگری پورہ،حول عالمگری بازار،مل اسٹاپ، مولوی اسٹاپ (لال بازار)،بوٹہ شاہ محلہ کنہ تارسے ہوتے ہوئے یونیورسٹی پارکنگ صدرہ بل پہنچ جائیں۔ لال چوک سے آنے والے عقیدت مند ایس آر ٹی سی کراسنگ، اخوان چوک، خانیار چوک بہوری کدل، راجوری کدل، گوجوارہ چوک، حول ،عالمگری بازار، مل اسٹاپ اور مولوی اسٹاپ ( لال بازار) سے ہوتے ہوئے یونیورسٹی پارکنگ پہنچیں گی۔ گاندربل سے آنے والے عقیدتمند ناگہ بل ، زکوورہ، حبک سے ہوتے ہوئے یونیورسٹی پارکنگ (حبک سائیڈ) اپنائیں گے۔حضرت بل سے واپسی پر شمالی کشمیر جانے والی گاڑیاں سر سید پارکنگ۔ عشائی باغ کراسنگ رعناوری ، خانیار، نائوپورہ، ڈلگیٹ، ایم اے روڈ،بڈشاہ برج، جہانگیر چوک فلائی اوور،بٹہ مالو مومن آباد، ٹینگ پورہ، ببمنہ بائی پاس ، پارمپورہ سے شالہ ٹینگ کے راستے اپنی اپنی منزل کو جائیں ۔ جنوبی کشمیر کیلئے واپسی نسیم باغ پارکنگ ، حبک کراسنگ ، فورشور روڈ ، نشاط، زیٹھ یار گھاٹ اور گپکاررامشنی باغ کا راستہ اپنانا ہوگا ۔ وسطی کشمیر کے زائرین حضرت بل سے واپسی پراین آئی ٹی ، عشائی باغ کراسنگ، رعناوری ، خانیار ، ناپورہ، ڈلگیٹ، گالف کراسنگ ، ریڈیو کشمیر ، عبداللہ برج ، ہیٹرک ،کانونٹ کراسنگ ، راجباغ تھانہ، جواہر نگر چوک ، جواہر نگر بنڈ ،رام باغ ، برزلہ پل اورحیدرپورہ روٹ اختیار کریں گے۔