نماز اداکی اور موئے مقدس کی زیارت سے فیضیاب ہوئے
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان اوررکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے منگل کو درگاہ حضرت بل میں حاضری دی ۔مشیر فاروق خان نے وہاں نمازادا کی۔انہوں نے سہ پہر درگاہ پر حاضری دی اور عصر کی نماز اَدا کی ۔انہوں نے جموںوکشمیر میں اَمن ، ہم آہنگی اور خوشحالی کے لئے دعا کی اور عقیدتمندوں اور وقف حکام کے ساتھ بات چیت بھی کی۔اِس موقعہ پر مشیر موصوف نے موئے مقدس کی زیارت بھی کی اور جموںوکشمیر کے لوگوں کی خیرو عافیت کے لئے دعا کی۔اس دوران رکن پارلیمان و نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے درگاہ حضرت بل میں حاضری دی اور نمازِ ظہر وہیں ادا کی۔انہوں نے عالم اسلام کی سربلندی، عالم انسانیت کی بقاء، جموں وکشمیر میں مکمل امن و امان ، لوگوں کی خوشحالی ، مشکلات اور مظالم سے نجات کیلئے دعا کی۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ لوگوں سے بھی ملاقی ہوئے اور تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عالم اسلام کو درپیش چیلنجوں سے نجات پانے کیلئے اللہ کے دربار میں سربسجود ہوکر ان آزمائشوں سے نجات کیلئے دعا کریں۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مسرت کا اظہار کرتے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے درگاہ حضرت بل کی رونقیں واپس لوٹ آئی ہیں لیکن ابھی بھی کورونا وائرس سے بچائو کے احتیاطی تدابیر پر من و عن عمل پیرا رہنا چاہئے۔
بھیم سنگھ کی مسلمانوں کو مبارکباد
سرینگر// نیشنل پنتھرس پارٹی کے صدراور اسٹیٹ لیگل ایڈ کمیٹی کے ایگزیکٹیوچیئرمین پروفیسر بھیم سنگھ نے عیدمیلادکے موقع پر پوری دنیا کے مسلمان بھائیوں اور بہنوں کو مبارکباد دی ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ صدی کے لئے تمام نسان زندہ رہیں گے ، ترقی اور خوشحال ہوگی تاکہ تمام مذاہب ، نسلوں سے بندوقیں ، گولیوں اور جنگ کا خاتمہ ہو نیز انسانیت اور انسانی فلاح وبہبود کے لئے ممالک ترقی کریں۔
پلوامہ پولیس کی ائمہ سے میٹنگ
معاشرتی برائیوں کے خاتمہ کیلئے حضورؐ کی تعلیمات عام کرنے پر زور
سرینگر//عید میلاد النبیؐ کے موقع پر پلوامہ تھانہ میں قصبہ کے ائمہ اور دیگر معزز شہریوں کے ساتھ پولیس کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی۔میٹنگ کی صدارت ڈی وائی ایس پی ہیڈ کوارٹرایس ایم شفیع نے کی۔اس موقع پر حضرت محمدؐکی انسانیت اور معاشرتی برائیوں کو روکنے کی تعلیمات پر شرکاء نے تبادلہ خیال کیا۔ تمام شرکاء نے معاشرتی برائیوں کو روکنے کیلئے پولیس کے کام کو سراہااور تمام غلط کاموں کے خاتمہ کیلئے مسلسل کوششوں پر زور دیا۔اس موقع پر نشے کے عادی افراد کو مشورہ دیا گیا کہ وہ صحت مند طرز زندگی اپنائیں۔ائمہ سے یہ بھی درخواست کی گئی کہ وہ مساجد میں لوگوں کو مجرمانہ سرگرمیوں سے باز رہنے کی تعلیم دیں۔ اجلاس کا اختتام اس عہد کے ساتھ کیا گیا کہ ہر کوئی فر د معاشرے کی بہتری کیلئے اپنا حصہ ادا کریں تاکہ معاشرے میںایک خوشگوار ماحول پیدا ہوسکے ۔
میلاد مسلمانوں کیلئے سب سے بڑی خوشی :مولانا اخضر
حقانی ٹرسٹ کی جمعیت اہلسنت کو بارہمولہ جلسے کیلئے مبارکباد
سرینگر// انجمن علماء احناف کے سربراہ مولانا اخضر حسین نے کہا ہے کہ آنحضورؐ کی ولادت باسعادت مسلمانان عالم کے لئے سب سے بڑی مسرت ، خوشی اور خیر وبرکت کا سبب ہے ۔مولانا موصوف نے کہا کہ آپؐ کے اخلاق و اعمال رہتی دنیا تک ایک نمونہ ہے۔مولانا اخضر حسین نے کہا کہ پوری دنیا مظالم سے بھری ہوئی تھی اوران حالات میں خالق کائنات نے ایسی ہستی کومبعوث فرمایاجس نے اپنے اخلاق اور اطاعت خداوندی سے ظلم وستم اور شرک و جہالت کا خاتمہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج اجتماعی اور انفرادی طور پرہمیںاپنے اپنے گھروں میںزیادہ سے زیادہ عبادات کرنی چاہئیں تاکہ ہم موجودہ پر آشوب دور اور کورونا بیماری سے نجات حاصل کرسکیں۔ادھرحقانی میموریل ٹرسٹ نے بارہمولہ میں جمعیت اہل سنت کے اہتمام سے میلاد جلوس کے انعقاد پرمبارکباد پیش کی ہے جس میں لوگوں نے حضورؐکے تئیں اپنی والہانہ عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔ٹرسٹ نے ایک بیان میں جمعیت اہلسنت بارہمولہ کی تمام اکائیوں ، اداروں اور علماء ، عہدیداروں اور ارکان کو میلادالنبی ؐ کے موقع پر دلی تہنیت پیش کی۔
موجودہ حالات اسوئہ رسول سے دوری کا نتیجہ:مولانا حامی
کاروان اسلامی کی ریلی سے شادی پورہ میں خطاب
سرینگر //کاروان اسلامی کی طرف سے جموں وکشمیر میں عید میلاد النبیؐکی مناسبت سے متعدد مقامات پر ریلیوں اور سیرت کانفرنسوں کا اہتمام کیا گیا۔ ایک بیان کے مطابق سب سے بڑی ریلی کاروان اسلامی کے مرکز واقع مرکز المدارس الجامع ُالقادریہ وترگام شادی پورہ سمبل سے نکالی گئی جس میںلوگوں نے حضورؐ کے تئیں اپنی والہانہ عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔ریلی کے شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں سبز پرچم اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پرحضور ؐ سے اظہار محبت اور وحدت اسلامی کے نعرے درج تھے ۔یہ ریلی مختلف علاقوں سے گزر کر نماز ظہر کے قریب واپس مرکز پہنچی جہاں کاروان اسلامی کے سربراہ غلام رسول حامی نے خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ اسوئہ حسنہ میں وہ سارے راز پوشیدہ ہیں جن کو جاننا اور پھر اس پر عمل پیرا ہونے سے پوری انسانیت کی تقدیر بدل سکتی ہے۔ انہوں نے امت مسلمہ کی پریشانیوں اور موجودہ ناگفتہ حالات کو اسوہ رسولؐسے دوری کا نتیجہ قرار دیا۔اسی طرح کی تقاریب کاروان اسلامی کی جانب سے وادی کے دیگر علاقوں میں بھی منعقد ہوئیںجس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور رسولؐکے تئیں اپنی والہانہ عقیدت اور محبت کا اظہار کیا ۔
سکمزکادرگاہ حضرتبل میں طبی کیمپ
سرینگر //عید میلاد کی تقریب پر سکمز صورہ کی جانب سے درگاہ حضرتبل میں طبی کیمپوں کا انعقاد کیا گیا اورزائرین کیلئے تمام طبی سہولیات کا بندوبست کیا گیا تھا جبکہ ایمبولنس بھی چوبیس گھنٹے دستیاب رکھی گئی تھی۔اس سلسلے میںڈائریکٹر سکمز ڈاکٹر اے جی آہنگر کی ہدایت پر ڈاکٹروں کے علاوہ متعلقہ عملہ موجود رہا۔ڈاکٹر آہنگر خود بھی کیمپ میںموجود رہے ۔
امام باڑہ گلشن باغ سرینگر میں محفل میلاد
آغا حسن نے اتحاد بین المسلمین کو ملت کی کامیابی قراردیا
سرینگر// انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے عید میلاد کی مناسبت سے ’ہفتہ وحدت‘کی تقریبات کے سلسلے میں امام باڑہ گلشن باغ سرینگر میں ایک محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت تنظیم کے صدرآغا سید حسن الموسوی نے انجام دی۔موصولہ بیان کے مطابق باب العلم کے طلبا و طالبات، معلمین و معلمات اور تنظیمی اراکین و عاملین کے علاوہ لوگوں کی خاصی تعداد نے شر کت کی۔ اس موقع پر علماء نے محفل میلاد سے خطاب کرتے ہوئے سیرت نبویؐ کے مختلف گوشوں کی وضاحت کی ۔جن علماء نے محفل میلاد سے خطاب کیا ان میں سید محمد حسین الموسوی ، سید یوسف الموسوی ،مولانا سید الرحمان شمس،مولانا خورشید احمد قانونگو اور شبیر احمد میر شامل ہیں۔ آغا حسن نے ہفتہ وحدت اور میلاد النبیؐ کی تقریبات کی اہمیت و افادیت پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔انہوں نے سیرت رسول کی پیروی اور اتحاد بین المسلمین کو ملت کی کامرانی اور سربلندی کی ضمانت قرار دیتے ہوئے فرزندان توحید سے تلقین کہ وہ اپنے جملہ مسائل اور انفرادی و اجتماعی امور میں قرآن وسنت کو نمونہ عمل بنا کر حضورؐ سے عقیدت کا عملی ثبوت فراہم کریں ۔انہوں نے کہا کہ میلاد النبیؐ کی تقریبات حضورؐ سے عقیدت کا علامتی مظاہرہ ہے اور معنوی محبت و عقیدت کا راز اسلامی تعلیمات کی پیروی اور اطاعت رسول ؐمیں مضمر ہے۔