مینڈھر//عید کا تہوار نزدیک آتے ہی مینڈھر بازار میں لوگوں کی رونق میں اضافہ ہوگیاہے اور ہزاروں کی تعداد میں لوگ بازار میں خرید و فروخت کے لئے آ رہے ہیں تاہم سڑکوں پر ٹریفک جام کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا اور ٹریفک پولیس کے ساتھ ساتھ مینڈھر پولیس بھی ناکام دکھائی دے رہی ہے۔ لوگ نجی گاڑیاں سڑک کے کنارے کھڑی کر کے خرید و فروخت کے لئے چلے جاتے ہیں جس سے جام لگ جاتا ہے اور بیمار لوگوں کے ساتھ ساتھ عام لوگ بھی بری طرح پریشان ہوتے ہیں۔اس دوران وہ کئی گھنٹوں تک جام میں پھنسے رہتے ہیں۔اگرچہ ٹریفک پولیس سڑک پر دوڑتی نظر آتی ہے لیکن جام ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا۔ عام لوگوں کا کہنا ہے کہ پولیس ٹریفک جام کو ختم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے اور گرمی کے موسم میں عام لوگ بری طرح پریشان ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ شب قدر کے ساتھ ساتھ جمعتہ الوداع اور پھر عید آ رہی ہے جس کے لئے لوگوں کو خرید و فروخت کرنی ہے لیکن ان کا زیادہ تر وقت جام میں ہی ضائع ہوجاتاہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کو جام ختم کرنے کے لئے اہم رول ادا کرنا چاہیے ۔