کشتواڑ//عید الفطر سے قبل کشتواڑ کے بازاروں میں گہماگہمی شروع ہو گئی ہے۔جمعتہ الوداع کے موقعہ پر کشتواڑ کے بازاروں میں لوگوں کی کافی بھیڑ اُمڈ پڑی تھی اور تہوار جیسا سماں لگ رہا تھاکیونکہ لوگ بھاری تعداد میں خریداری کرنے کیلئے بازار میں اُمڈ پڑے تھے۔کاروباری مراکز گودہالی چوک، بس اسٹینڈ علاقہ اورہڈیال میں خریداروں کی کافی تعداد دیکھی گئی گودہالی چوک میں سب سے زیادہ رش تھاکیونکہ ضلع کے بیرون علاقوں سے لوگ ایک ہفتہ قبل ہی عید کی خریداری کے لئے آئے تھے۔خواتین کی ایک خاص تعداد خصوصاً لڑکیوں کو کاسمٹک دوکانوں پر دیکھا گیا ۔ضلع کے دیگر حصوں میں بھی لوگوں کو خریداری کرتے دیکھا گیا ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس بار لوگ پیشگی خریداری کرتے رہے۔دچھن کے ایک مقامی شخض نے بتایا کہ ہم اصل میں آج پیشگی ہی خریداری کرتے ہیں اور گھروں کے لئے سامان وغیرہ خرید رہے ہیں۔ایسا ہی حال ضلع کے دیگر بازاروں جیسے کہ تاپل گلی،ایگو مارکیٹ و دیگر مقامات پربھی رہا جہاں پر لوگ پیشگی خریداری کرتے دیکھے گئے۔ضلع انتظامیہ نے بھی عید سے قبل ہی انتظامات کا جائزہ لیا ہے ا ور بازار وںمیں نرخوں پر نگاہ رکھنے کیلئے مارکیٹ چیکنگ کی گئی ہے۔تاہم ، ضلع میں سیکورٹی انتظامات مزید سخت کر دئے گئے ہیں۔