نئی دہلی//یو این آئی// کانگریس نے پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں عوام کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ نتائج اس کی توقعات کے بالکل برعکس ہیں لیکن جمہوریت میں عوام کا فیصلہ سب سے مقدم ہوتا ہے ۔ اس لیے اس فیصلے کو قبول کرتے ہوئے کانگریس اپنی شکست کی وجوہات کا خود احتساب کرے گی۔کانگریس کے میڈیا سیل کے سربراہ رندیپ سنگھ سورجے والا نے انتخابی نتائج پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے جمعرات کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ انتخابات کے دوران پارٹی نے عوام کے مسائل جیسے مہنگائی، بے روزگاری، ڈوبتی ہوئی معیشت کو ذمہ داری سے اٹھایا ہے اور اس کی توقع تھی کہ لوگ اس کا ساتھ دیں گے ۔ مگر انتخابی نتائج اس کی توقعات کے برعکس ہیں، پارٹی شکست کی وجوہات کا خود احتساب کرے گی اور ان کا جائزہ لے گی۔انہوں نے کہا کہ ان کی تنظیم کانگریس کے ہارنے کی وجوہات کے بارے میں غور وفکر کرے گی اور آئندہ انتخابات میں بہتر کام کرنے کی کوشش کرے گی۔ پارٹی انتخابی نتائج سے مایوس ضرور ہے لیکن حیران نہیں ہے ۔