سرینگر //جموں کشمیر کے عوام کے سیاسی استحصال کوختم کرنے پرزوردیتے ہوئے اپنی پارٹی صدرالطاف احمدبخاری نے کہا کہ سیاسی جماعتیں لوگوں کو یکساں حصہ دارکے طور دیکھیں۔اتوار کو شوپیان میں پارٹی ورکروں کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روایتی سیاسی جماعتوں نے لوگوں کو آج تک ووٹ بینک کوطوراستعمال کیا۔انہوں نے کہا کہ خطے میں ترقی کے مقصد سے آگے بڑھنے کی ہمیں ضرورت ہے کہ کشمیرکے لوگوں کو یکساں حصہ دارکے طور دیکھیں نہ کہ انہیں محض ووٹ حاصل کرنے کے مقصد سے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ پورے خطہ میں لوگوں کے مطالبات اور حقوق انہیں عزت ووقار کے ساتھ ملیں۔عوام کے مفادات کے تحفظ پرزوردیتے ہوئے انہوں نے یکساں ترقی اوربااختیاری کے حصول کیلئے فوری اقدامات پرزوردیاتاکہ عوام کے وقاراورترقی کو فروغ دیاجاسکے۔تعلیم ،صحت اور دیگرشعبوں میں ترقی کے فقدان پربرہمی کااظہار کرتے ہوئے الطاف بخاری نے کہا کہ اپنی پارٹی جموں کشمیرکے لوگوں کو سبھی بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے اپنی طرف سے ہرممکن کوشش کرے گی۔ ورکروں کے یک روزہ کنونشن سے سینئر نائب صدر غلام حسن میر نے اپنے خطاب میں پارٹی کو زمینی سطح پر مضبوط بنانے پرزور دیا۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی کو کامیاب ہونے کے لئے ہرورکر کو محنت کرنی ہوگی ۔ انفرادی اور اجتماعی کوششوں سے پارٹی کی پالیسیوں اور پروگراموں کو زمینی سطح پر پہنچانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہرورکر کو اپنی ذمہ داری سمجھنی ہوگی ۔ انہوں نے کہاکہ لیڈرشپ ایک ایسا ذریعہ ہے جس کے ذریعے سماجی گروپس خاص طور پر مقامی عوام تعاون، ہم آہنگی، اور موثر تقسیم سے فوائد کو حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہوتی ہے ۔اپنی پارٹی کے ہر رکن کو اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ قیادت کے پورے عمل میں شفافیت کو برقرار رکھا جائے۔ نائب صدر ظفر اقبال منہاس نے خطہ میں جمہوری نظام نہ ہونے پر سخت ناراضگی ظاہر کی۔ انہوں نے کہاکہ ایل جی انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ وادی کے اندر مناسب جمہوری اقدار کو یقینی بنائیں تاکہ جموں وکشمیر کے لوگ نظام سے خود کو الگ تھلگ محسوس نہ کریں۔
عوام کاسیاسی استحصال بند کیاجائے:الطاف بخاری | پارٹی کو زمینی سطح پر مضبوط ط بنانے پرغلام حسن میرکازور
