عوام پر تیل کی مار جاری| ممبئی میں پٹرول 105 روپے کے پار

 نئی دہلی // آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے دو دن کے بعد جمعہ کے روز ایک بار پھر پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کردیا جس کی وجہ سے پہلی بار ممبئی میں اس کی قیمت 105 روپے ، چنئی میں 100 اور دہلی و کولکاتہ میں 99 روپے فی لیٹر پہنچ گئی ۔ ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل تیسرے روز بھی استحکام رہا۔ملک کے چار بڑے شہروں میں ک پٹرول 40 پیسے مہنگا ہوگیا۔ معروف آئل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن کے مطابق دہلی میں پٹرول کی قیمت میں 35 پیسے اضافے کے بعد 99.16 روپے فی لیٹر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ ڈیزل 89.18 روپے فی لیٹر پر برقرار رہا۔پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا موجودہ سلسلہ 4 مئی سے شروع ہوا تھا ۔ مئی اور جون میں پٹرول 8.41 روپے اور ڈیزل 8.45 روپے مہنگا ہوا تھا۔ممبئی میں پٹرول 34 پیسے مہنگا ہوکر 105.24 روپے فی لیٹر ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا جبکہ ڈیزل 96.72 روپے فی لیٹر پر مستحکم رہا۔چنئی میں بھی پٹرول 100 روپے سے عبور کرگیا وہاں اس کی قیمت 33 پیسے اضافے سے 100.13 روپے فی لیٹر ہوگئی جبکہ ڈیزل 93.72 روپے فی لیٹر پربرقرار رہا۔کولکتہ میں ، پٹرول 40 پیسے مہنگا ہوکر 99.04 روپے فی لیٹرپر پہنچ گیا جبکہ ڈیزل 92.03 روپے فی لیٹر پر مستحکم رہا۔