عوام جائز حقوق سے محروم:غلام احمدمیر

سرینگر//پردیش کانگریس صدرغلام احمدمیر نے مرکزی حکومت سے سوال کیا ہے کہ جموں کشمیر کے لوگوں نے5اگست2019کے مرکزی حکومت کے فیصلوں کے بعد کیاحاصل کیا۔کے این ایس کے مطابق مژھل کا دوروزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد کپوارہ قصبے میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے میر نے بھاجپا حکومت سے پوچھا کہ وہ کب جموں کشمیرکو مکمل ریاستی درجہ دے گی اوراسمبلی انتخابات کرائے گی؟انہوں نے کہا کہ جموں کشمیرکے لوگوں کو ان کے جائز حقوق سے محروم کردیاگیا ہے تاکہ بی جے پی حکومت اپنے ایجنڈے کی تکمیل کی خاطرجموں کشمیرسے مراعات واپس لے سکیں،جوکانگریس پارٹی نے اُسے دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہاں تک کہ یہاں جمہوری حقوق بھی بحال نہیں ہورہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جمعرات کو مژھل کے دوران وہ یہ دیکھ کر مایوس ہوئے کہ یہ پسماندہ علاقہ تمام محاذوں پر سب سے زیادہ نظر انداز کیا گیا ہے ۔اس موقعہ پرپارٹی کے نائب صدر حاجی عبدالرشید ڈار ، گلزار احمد وانی ،امتیاز پرے اور ضلع کپواڑہ کے دیگر رہنما موجود تھے ۔