عمر عبداللہ پرسیاسی شکست کا خوف طاری

جموں//نیشنل کانفرنس کے نائب صدرعمر عبداللہ کی جانب سے بی جے پی پر کی گئی تنقید پر فوری رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی کے ریاستی صدر رویندر رینہ نے کہاکہ لوک سبھا اور ریاستی اسمبلی کے آئندہ انتخابات میں شکست کے خوف سے این سی لیڈر کچھ بھی بولتے رہتے ہیں ۔رینہ کاکہناتھاکہ عمر عبداللہ کا چالیس منٹ کے خطاب سے اور کچھ نہیں بلکہ یہی ظاہر ہوتاہے کہ اقتدار سے باہر رہ کر اور آئندہ انتخابات میں شکست کے خوف سے وہ کس قدر بوکھلاہٹ کاشکار ہیں ۔بھاجپا کے ریاستی صدر نے مزید کہاکہ عمر نے جموں کے عوام کااعتماد جیتنے کی کوشش کے طور پر بی جی پی اور اس کی مرکز ی قیادت پر بے بنیاد الزامات عائد کئے ہیں ۔ان کاکہناتھاکہ عمر عبداللہ کا خطاب پرانی بوتل میں نئی شراب تھا ۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی کو این سی یا اس کی قیاد ت سے کسی سند کی ضرورت نہیں اور جموں کے لوگ بہترین منصف ہیں اور وہ جموں مخالف اور جموں دوست میں فرق کرسکتے ہیں ۔ان کاکہناتھاکہ بی جے پی نے ہمیشہ جموں کے کازکیلئے کام کیا جبکہ نیشنل کانفرنس حکومتوں نے ہمیشہ ہماری آواز کو بزور طاقت دبایا اورمظاہرین کو جیلوں میں بند کیا۔ انہوں نے کہاکہ یہ کس قد رمضحکہ خیز بات ہے کہ عمر عبداللہ جموں کے لوگوں کیلئے مگر مچھ کے آنسو بہارہے ہیں لیکن انہیںپہلے یہ وضاحت کرنی چاہئے کہ ان کی جماعت کے دہائیوں کے اقتدار کے دوران کیوں کر یہ خطہ نظرانداز رہا اور امتیاز کیاگیا۔رینہ کاکہناتھاکہ ملک کے اہم اداروں این آئی اے او ر سی بی آئی پر دھمکانے کا الزام عائد کرنا ایک سنگین معاملہ ہے اور عمر عبداللہ کو یاتو شواہدکے ساتھ سامنے آناچاہئے یاپھر اس سطح کی سیاست پر عوام سے معافی مانگنی چاہئے ۔