عمران کے قتل کی سازش، سکیورٹی سخت کردی گئی

اسلام آباد//یو این آئی// پاکستان کے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے جمعہ کے روز کہا کہ سکیورٹی ایجنسیوں نے سیاسی بحران میں گھرے پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کو قتل کرنے کی سازش کا انکشاف کیا ہے ، جس کی وجہ سے ان کی سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے ۔مسٹر چودھری نے ٹویٹ کر کے کہا‘‘ ان خبروں کے ملنے کے بعد وزیر اعظم کی سکیورٹی کے انتظامات سخت کردیے گئے ہیں ’’۔  اس ہفتے کے شروعات میں پاکستان میں حکمران جماعت پی ٹی آئی کے رہنما فیصل واوڈا نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ غیر ملکی سازش کے خلاف آواز اٹھانے کی وجہ سے وزیر اعظم کو قتل کرنے کی سازش رچی جا رہی ہے ۔ اپوزیشن کے یہ دعویٰ کرنے کے باوجود کہ ان کے پاس پارلیمنٹ میں مسٹرخان کو شکست دینے کے لیے اراکین کی مناسب تعداد ہے ، وزیراعظم نے استعفیٰ دینے سے انکارکردیا ہے ۔