جموں//ڈوگرہ فرنٹ اور شو سینا کے کارکنان نے آج کانگریس لیڈڑ اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ کی طرف سے پاکستان کے نو منتخب وزیر اعظم عمران خان کی رسم حلف برداری میں شرکت کیلئے نکتہ چینی کرتے ہوئے مظاہرہ کیا۔ سدھو کے علاوہ دیگر کئی سابق کرکٹروں کو اس تقریب میں شرکت کیلئے مدعو کیا گیا تھا لیکن دیگر کھلاڑیوں نے ذاتی وجوہات کی آڑ میں تقریب میں شرکت سے معذرت کر لی تھی۔ اشوک گپتا کی قیادت میں شوسینکوں نے ایک جلوس نکالا اور انہوں نے پاکستان کے فوجی سربراہ قمر باجواہ سے بغلگیر ہونے پر بھی اعتراض جتایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ایسے وقت میں جب ملک میں سات دن کا سوگ چل رہا تھا اور پورا ہندوستان اٹل بہاری واجپائی کی موت کے غم میں تھا تو سدھو پاکستان جا کر تقریب میں شریک ہو رہے تھے جو کہ غیر واجب ہے ۔ انہوں نے پنجاب کے وزیر اعلیٰ سے اپیل کی کہ وہ سدھو کو فوری طور پر کابینہ سے برخاست کردیں کیوں کہ چند روز قبل پاکستانی فوج نے ہمارے ایک میجر اور دو سپاہیوں کو ہلاک کر دیا تھا ایسے میں پاکستانی فوج کے چیف قمر باجواہ کے گلے لگنا کیا معنی رکھتا ہے ۔