عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد | پاکستان کی قومی اسمبلی کا اجلاس 25مارچ کو طلب

اسلام آباد//اپوزیشن کی وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کے حوالے سے پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے سیشن اجلاس 25 مارچ کو طلب کر لیا ہے۔حکومت نے اپوزیشن کی دھمکی کو نظر انداز کرتے ہوئے قومی اسمبلی کا اہم ترین اجلاس 25 مارچ کو طلب کرلیا ہے۔اس ضمن میں جاری بیان میں کہا گیا کہ اسپیکر نے قومی اسمبلی کا اجلاس آئین کی دفعہ 54 (3) اور دفعہ 254 کے تحت تفویض اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے طلب کیا ہے۔اسپیکر اسد قیصر کی جانب سے قومی اسمبلی کے اجلاس کی طلبی کا نوٹی فیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ جاری کیے گئے نوٹی فیکیشن کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ بروز جمعہ صبح 11 بجے پارلیمنٹ ہائوس میں طلب کیا گیا ہے۔یہ اجلاس اپوزیشن کی جانب سے جمع کرائی گئی ریکوزیشن پر طلب کیا گیا ہے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس او آئی سی کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کی وجہ سے تاخیر سے 25 مارچ کو طلب کیا گیا ہے۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس 22 سے 23 مارچ کو قومی اسمبلی کے ہال میں ہوگا۔