عمران خان کی احتجاج کی کال

 اسلام آباد// پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر کے نوجوانوں کو احتجاج کی کال دیتے ہوئے کہا ہے کہ احتجاج آپ کا حق ہے، نوجوان میرے لیے نہیں بلکہ ملک کے مستقبل کے لیے اپنی آواز بلند کریں، پلان تیار کرلیا ہے اپوزیشن کو شکست دے کر دکھاؤں گا جبکہ فوج نے کہا کہ ہم نیوٹرل ہیں سیاست میں نہیں پڑنا چاہتے۔ آن لائن سوالات کے جوابات دینے سے قبل انہوں نے ٹی وی پر کہا کہ سیاست دانوں کی بکروں کی طرح نیلامی ہورہی ہے، بیرون ملک سے سازش ہورہی ہے، آج قوم کو فیصلہ کرنا ہے کہ وہ کس سمت جائے گی، اگر نوجوان چپ بیٹھے رہے تو وہ برائی کا ساتھ دیں گے، آپ سب اپنی آواز بلند کریں میرے لیے نہیں بلکہ اپنے مستقبل کے لیے کیوں کہ اس وقت پاکستان کے مستقبل کی جنگ لڑی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی ملک کو پاکستان کی لیڈر شپ نہیں پسند تو وہ پندرہ بیس ارب روپے خرچ کرکے ضمیر فروشوں کو بکروں کی طرح خرید کر حکومت گرادے تو ملک کا مستقبل کیا ہوگا؟ یہ آپ کا ملک ہے اور اس کے لیے آپ کو آگے آنا ہوگا، احتجاج آپ کا حق ہے، پرامن احتجاج سے سب سے بڑا خوف غداروں کو ہوتا ہے وہ لوگ خوف زدہ ہوتے ہیں جو ملک کو غلام بنانے کے خواہش مند ہوتے ہیں۔