اسلام آباد// پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو جوابی خط میں لکھا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام بھی بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے پرامن اور تعاون پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں۔وزیر اعظم عمران خان کے نریندر مودی کو جوابی خط، جس میں 29 مارچ کی تاریخ درج ہے، میں یوم پاکستان پر مبارکباد پر بھارتی وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔عمران خان نے لکھا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام بھی بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے پرامن اور تعاون پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں۔انہوں نے لکھا کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن و استحکام کے لیے پاکستان اور بھارت کے درمیان جموں و کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب تنازعات کا حل ہونا، جبکہ تعمیری اور نتیجہ خیز مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا ہونا ضروری ہے۔عمران خان نے خط میں کورونا وائرس کے خلاف بھارت کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستانی عوام کو یوم پاکستان کی مبارکباد دی تھی۔ وزیراعظم نے لکھا کہ 'پڑوسی ملک کے طور پر بھارت، پاکستانی عوام سے خوشگوار تعلقات کا خواہش مند ہے جس کے لیے اعتماد پر مبنی، دہشت گردی اور دشمنی سے پاک ماحول ضروری ہے'۔