مظفرآباد//جموں وکشمیر پیس اینڈ جسٹس فورم کے زیر اہتمام مظفرآباد میںحکیم الامت ڈاکٹر اقبالؒ کے یوم پیدائش کی مناسبت سے ”اقبال اورکشمیر“کے عنوان سے ایک سمینارکا انعقاد ہوا ۔سمینار سے فورم کے رہنماو¿ں ،ماہرین تعلیم اورسول سوسائٹی کے نمائندوں نے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ کشمیر میں اسلامی تشخص کے تحفظ ،تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی اورپاکستان کے ساتھ مذہبی اورسماجی رشتوں کو مستحکم کرنے کیلئے نوجوان نسل میں علامہ اقبال ؒ کے نظریات اور فکر کو بیدا ر کیا جائے۔فورم کے چیئرمین تنویر لاسلام نے کہا ” علامہ اقبال ؒ کو کشمیر کے ساتھ بے پناہ جذباتی اورروحانی وابستگی تھی۔اس وابستگی کا اظہار علامہ اقبالؒ نے اپنے کلام ،خطوط اورخطبات میں جا بجا کیاہے“۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال ؒ کے بزرگوں کا تعلق خطہ کشمیر سے تھا جس پر علامہ اقبال ؒ کو بہت ناز تھاجس کا اظہار انہوں نے ایک موقع پر اس طرح کیا کہ ان کی شریانوں میں دوڑنے والا خون کشمیر کے چناروں کی طرح سرخ ہے“۔ تنویرالاسلام نے کہا کہ علامہ اقبال ؒ کی کشمیر اوراہل کشمیر سے محبت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ علامہ اقبال ؒ کی تحریک پر ایک بار جموں وکشمیر کے مہاراجہ پرتاب سنگھ کو انجمن کشمیری مسلمانان کی دعوت پر لاہور بلایا گیا اوران سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ کشمیری مسلمانوں پر اپنے فوجیوں کے ظلم وستم کوروکیں اورکشمیریوں کو ان کی مذہبی اورسماجی اقدار کے مطابق آزانہ زندگی بسر کرنے کی اجازت دیں ۔تنویر الاسلام نے کہا ”کشمیر میں جاری آزادی کی تحریک کے قائدین اوربرسرپیکار نوجوانوں کو اپنی تحریک کی کامیابی اوردرست سمت کے تعین کیلئے علامہ کے افکار وخیالات کو اپنانا ہوگا“۔سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز صحافی اورپاک کشمیر سالیڈیرٹی کونسل کے چیئرمین عارف بہار نے کہا کہ علامہ اقبال ؒ ایک آفاقی شخصیت تھے اوریہ کشمیریوں کی خوش قسمتی ہے کہ علامہ اقبال ؒ کا تعلق اس سرزمین سے ہے۔اس موقع پر سویر ا ماڈل سکول کے متعدد طلبہ وطالبات نے تقاریر اورکلام اقبال پیش کرکے مسلم امہ کے عظیم مفکر اوررہنماءکو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔