جموں //سخت ترین سیکورٹی بندوبست کے ساتھ سالانہ امرناتھ یاترا کل سے شرو ع ہورہی ہے جس دوران پہلا قافلہ بھاگواتی نگر سے روانہ ہوگا۔یاترا میں شرکت کیلئے بڑی تعداد میں عقید تمندوں اور سادھوئوں نے جموں آنا شروع کردیاہے ۔سادھو رام مندر اور پرانی منڈی علاقہ میں قیام کررہے ہیں جبکہ دیگر عقیدتمند یاتری نواس اور بھاگواتی نگرپہنچ رہے ہیں جہاں انتظامیہ کی طرف سے ان کیلئے تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں ۔سرکاری ذرائع کے مطابق گاندربل ضلع کے بالتل بیس کیمپ کیلئے پہلا قافلہ صبح سویرے سخت سیکورٹی کے بیچ روانہ ہوگا جبکہ اس کے بعد پہلگام بیس کیمپ کیلئے قافلہ روانہ ہوگا۔انتظامیہ نے گاڑیوں کی جیوٹیگنگ اور ان کے اندراج کو لازمی قرار دیاہے ۔یاتری امرناتھ گھپا کیلئے اپناپیدل سفر یکم جولائی سے شروع کریں گے جبکہ یہ یاترا 15اگست کو رکھشا بندھن کے تہوار کے موقعہ پر ختم ہوگی۔ پولیس کے ایک افسر نے بتایاکہ یاترا کو پرامن اور احسن طریقہ سے سرانجام دینے کیلئے تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ یہ یاترا امن و بھائی چارے کی ایک مثال ہے ۔