سرینگر//ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر نے خانیارمیں حضرت شیخ عبدالقادر جیلانیؒ کی زیارت گاہ کا دورہ کیا اور یہاں عرس کے سلسلے میں انتظامات کاجائزہ لیا۔غوث العظم پیر دستگیر صاحبؒ کا عرس انتہائی عقیدت واحترام کے ساتھ منایا جارہا ہے 18سے28دسمبر تک عقیدتمندوں کی بھاری تعداد آستان عالیہ میں حاضری دے گی۔اس موقعہ پر متعلقہ آفیسران نے ترقیاتی کمشنر کو زیارت گاہ میں عرس کے سلسلے میں کئے جارہے انتظامات کے بارے میں جانکاری دی۔ایس ای پی ڈی ڈی کو علاقے میں عرس کے دوران بجلی کی بلاخلل سپلائی اور پی ایچ ای کو پانی کی مناسب سپلائی یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی جب کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کو بھی زائرین کو زیارت گاہ تک لانے اورلے جانے کے لئے معقول ٹرانسپورٹ انتظامات کئے گئے اقدامات کرنے پر زوردیا گیا۔میٹنگ میں پولیس،ٹریفک اور دیگر متعلقہ محکموں کے آفیسران کے علاوہ ایس آر ٹی سی ،ایس ایم سی وقف بورڈ کے ممبران اورزیارت گاہ کے سجادہ نشین بھی موجود تھے۔