دمشق//ترک فضائیہ نے عراق کے شمالی حصے میں بمباری کرتے ہوئے 49 کرد باغیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق کردستان ورکرز پارٹی سے وابستہ یہ جنگجو ترکی میں ایک بڑے حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ ترک فضائیہ نے عراق کے شمالی علاقوں میں کرد باغیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ ترک فوج نے تصدیق کر دی ہے کہ شمالی عراق میں کالعدم کردستاں ورکرز پارٹی کے جنگجوؤں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں کم ازکم انچاس جنگجو ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔جمعرات کے دن جاری کردہ ایک فوجی بیان کے مطابق یہ کارروائی رواں ہفتے کے آغاز پر کی گئی۔ پیر کے دن کی گئی اس بمباری کے بارے میں مزید معلومات فراہم کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اس ’دہشت گرد‘ گروہ کے متعدد ٹھکانوں اور اسلحہ ڈپوؤں کو تباہ کر دیا گیا۔ ترک فوج کے مطابق مجموعی طور پر اس باغی تحریک کے انیس ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ذرائع کے مطابق ترک فوج کے تحریری بیان میں کہا گیا ہے کہ دو فضائی کارروائیاں زاپ ریجن اور ہرکوک ریجن میں کی گئیں۔ اس بیان کے مطابق کامیاب فضائی کارروائی کرتے ہوئے مطلوبہ اہداف حاصل کر لیے گئے۔