سرینگر//تین نئے ججوں کے حلف اٹھانے کے ساتھ ہی جموں و کشمیر ہائی کورٹ میں خالی پڑی 17اسامیوں کے مقابلے میں ججوں کی تعداد 12ہوگئی ہے۔جسٹس سنجیو کمار، جسٹس مہراج کرشنن ہاجورہ اور جسٹس سنجے کمار گپتا کوچیف جسٹس ،جسٹس بدر دریز احمد نے عدالت عالیہ میں منعقد ایک تقریب کے دوران حلف دلایا۔ اس سے قبل صدر پرنب مکھر جی کے تعیناتی حکم نامے کو ہائی کورٹ کے رجسٹرار جنرل سنجے دھر نے پڑھ کر سنایا۔ ترجمان نے بتایا کہ عدالت عالیہ کے رجسٹرار جنرل نے گورنر این این وہرا کی طرف سے جاری کئے گئے اختیار نامے کو پڑھ کر سنایاجن میں چیف جسٹس کو یہ اختیارات دئے گئے تھے کہ وہ نئے تعینات کئے گئے ججوں کو حلف دلائیں۔ عدالت عالیہ میں چیف جسٹس سمیت 17اسامیاں ہے جن میں 12مستقل جج اور 5ایڈیشنل شامل ہے جبکہ ابتک عدالت عالیہ میں صرف 9جج ہی تعینات تھے۔ نئے تعینات کئے گئے ججوں کو مبارک باد دیتے ہوئے چیف جسٹس نے ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر مختلف بار کونسلوں اور بار ایسوسی ایشنوں سے جڑے افراد بھی موقع پر موجود تھے۔