سرینگر //باغبانی اور قانون و انصاف کے وزیر سید بشارت بخاری نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں مختلف عدالتوں میں پڑے فوجداری کیسوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا ۔ میٹنگ میں وزیر مملکت اجے نندہ ، ایڈ وکیٹ جنرل جہانگیر اقبال ، پرنسپل سیکرٹری داخلہ آر کے گوئیل ، ڈی جی پی ایس پی وید ، سیکرٹری قانون عبدالمجید بٹ ، آئی جی پی کشمیر ایس پی پانی اور دیگر اعلیٰ افسران اور وکلأ نے شرکت کی۔وزیر نے وکلأ اور پولیس افسران کو عدالتوں کے سامنے فوجداری کیسوں کے حوالے سے حقائق وقت پر پیش کرنے کی ہدایت دی بصورت دیگر اُن کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اُنہوں نے مختلف کیسوں میں غلط تحقیقات کے باعث کیسوں کے رد ّہونے کے عمل کا نوٹس لیتے ہوئے افسران کو ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی ۔ اُنہوں نے پولیس محکمہ کی پروزکیوشن وِنگ کو ضلع وار بنیادوں پر فوجداری کیسوں کی تفاصیل تین دنوں کے اندر محکمہ قانون کو سونپنے کی ہدایت دی۔انہوں نے مختلف کیسوں میں سِٹے کو ہٹانے کے لئے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی ۔ میٹنگ میں کئی دیگر امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔