احمد آباد//وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ عام طبقے کے غریبوں کے لئے سرکاری نوکریوں اور تعلیمی اداروں میں 10 فیصد ریزرویشن کانظام ملک کی 900 سے زائد یونیورسٹیوں اور 40 ہزار سے زائد سرکاری اور پرائیویٹ کالجوں میں اسی برس کے تعلیمی سیشن ہی سے نافذ کرنے کے لئے جلد ہی ضروری احکامات جاری کر دیئے جائیں گے۔مسٹر مودی نے آج یہاں 750 کروڑ روپے کی لاگت سے احمد آباد میونسپلٹی کی طرف سے تیار کردہ جدید سہولیات سے لیس 17 منزلہ اسپتال سردار بلبھ بھائی پٹیل انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اینڈ ریسرچ کا افتتاحی کیا۔ اس پروگرام میں انہوں نے کہا کہ ذات پات اور فرقوں سے اٹھتے ہوئے عام طبقے کے غریبوں کو ریزرویشن دینے کا مطالبہ دہائیوں سے ہوتا رہا ہے لیکن سیاسی قوت ارادی کی کمی کے سبب ایسا نہیں کیا جا رہا تھا۔ ان کی این ڈی اے کی حکومت نے یہ کام کیا اور یہ ایسا نظام ہے جس میں باقی کسی بھی طبقے کے حق کو چھیڑے بغیر یہ سہولت دی گئی ہے۔ اس سے سماجی ہم آہنگی کے نئے دروازے کھلیں گے۔ تعلیمی اداروں میں دس فیصد نشستوں کا بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔ گجرات حکومت اس قانون کو سب سے پہلے نافذ کرنے کے لئے مبارکباد کی مستحق ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت ہر میدان میں مساوی مواقع فراہم کرنے کے تئیں پابند عہدہے تاکہ کوئی بھی مواقع کی کمی کی وجہ سے پیچھے نہ رہے۔ ملک کا کوئی کونا ترقی کی دوڑ میں پیچھے نہ چھوٹے۔ یہ ان کی حکومت کا سب کا ساتھ سب وکاس اور نئے ہندوستان کی تعمیر کا راستہ ہے۔نئی نسل کو مناسب مواقع فراہم ہوں، آوشمان منصوبہ کے تحت ہر دن اوسطا 10 ہزار غریب لوگوں کا مفت علاج ہو رہا ہے۔ ملک میں اب تک جینر ادویات کے مراکز کھلنے اور علاج کے آلات سستے ہونے سے بھی عام لوگوں کی کروڑوں روپے کی بچت ہوئی ہے۔ حکومت نے میڈیکل کی سیٹوں میں بھی خاصا اضافہ کیا ہے۔یو این آئی۔