پونچھ//ماہ صیام کے آخری جمعہ کو یوم القدس کے طور پر مناتے ہوئے پونچھ میں کئی مقامات پر احتجاجی جلوس برآمد کئے گئے جس دوران مظاہرین نے امریکہ و اسرائیلی مظالم کی کڑی مذمت کرتے ہوئے مظلوم فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ضلع پونچھ کی تمام تحصیلوں میں عالمی یوم القدس کے جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں جن میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔واضح رہے کہ بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) نے اسلامی انقلاب کی کامیابی کے فوراً بعد ماہ رمضان کے آخری جمعہ یعنی جمع? الوداع کو یوم القدس کے طور پر منانے کا حکم دیا تھا جس کے بعد پوری دنیا میں ہر سال یہ دن پورے آب وتاب کے ساتھ منایاجاتاہے۔اس سلسلے میں پونچھ میں انجمن جعفریہ پونچھ ، شعیہ یوتھ اور القدس کمیٹی کے اشتراک سے ضلع کے صدر مقام پر امامیہ جامع مسجد پونچھ سے ایک ریلی بر آمد کی گئی جو ہاتھی تھان بازار سے گزرتے ہوئے پریڈ پارک پونچھ میں اختتام پذیر ہوئی۔اس ریلی کے دوران مظاہرین نے فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت اور صہیونی حکومت سے نفرت و بیزاری کے نعرے لگا کر فلسطین کی تحریک انتفاضہ کی حمایت اورصہیونی حکومت و تکفیری دہشتگردی سے نفرت و بیزاری کا اعلان کیا۔پریڈ پارک پونچھ میں ریلی کے اختتام پر علمائے کرام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ برسوں میں صہیونی حکومت اور اس کے علاقائی اور علاقے سے باہر کے اتحادیوں نے عالم اسلام میں بدامنی پھیلانے اور تشدد کو ہوا دینے کی کوشش کی ہے تاکہ فلسطینیوں کے نصب العین کو بھلا دیا جائے اور مسلمانوں کے قبلہ اول پر قبضہ کیاجائے۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے مولانا سید سجاد حیدر قمی نے کہا کہ القدس پر مسلمان ان تمام مظلوموں کاساتھ دینے کا اعلان کرتے ہیں جن کو اپنے ہی ملک میں ظلم ستم کا نشانہ بنایاجاتاہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں کروڑوں لوگوں نے جلوسوں، ریلیوں اور اجتماعات میں شرکت کر کیثابت کردیا کہ دنیا کے حریت پسند انسان فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔اس دوران نظامت کے فرائض انور حسین ونتو نے انجام دیئے۔انجمن جعفریہ پونچھ کے صدر مقبول قلی نے تمام شرکااور انتظامیہ کا شکریہ اداکیا۔ادھر سرنکوٹ میں بھی فلسطینی مسلمانوں کی حمایت میں یوم القدس کی مناسبت سے بعد نماز جمعہ انجمن انصار المہدی کی جانب سے وسیع پیمانے پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت مولانا سید ظہیر عباس جعفری امام جمعہ سرنکوٹ نے کی۔ریلی میں علاقہ سے کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔اس دوران امریکا اور اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کی گئی اور دوران جلوس امریکہ اور اسرائیل کے جھنڈوں کو بھی نذر آتش کیا گیا۔اپنے خطاب میں مولانا سید ظہیر عباس جعفری اور مولانا سید اطہر حسین جعفری نے امریکہ اور اسرائیل کی ظالمانہ پالیسیوں کی مذمت کرتے ہوئے ملت اسلامیہ کو متحد ہوکر فلسطین کی حمایت کرنے پر زور دیا۔اس موقعہ پر سید شبیر حسین شاہ، ڈاکٹر سید امیر حسین شاہ، سید جعفر علی شاہ اوردیگر مومنین نے بھی مظاہرین سے خطاب کیا۔ مظاہرین نے امریکی سفارت خانے کی بیت المقدس منتقلی کیخلاف جم کر نعرہ بازی کی۔ آخر میں صدر انجمن سید محمد تقی رضوی نے انتظامیہ اور عوام سرنکوٹ کو جلوس کے پر امن انعقاد پر سراہنا کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔جامع مسجد حسین آباد گورسائی نالہ مینڈھر میں بھی بعد نماز جمعہ ایک احتجاجی جلسہ منعقد کیاگیا جس میں علاقہ کے لوگوں نے بھاری تعداد میں شرکت کر کے فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔اس دوران لمولانا مختار حسین جعفری نے خطاب کیا۔وہیں تنظیم المومنین منڈی کی جانب سے امامِ جمعہ و جماعت جامع مسجد المصطفیٰ منڈی مولانا اقرار حیدر زیدی کے زیرِ قیادت ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں سینکڑوں افراد نے شامل ہو کر امریکہ اسرائیل اور دیگر ظالم و جابر حکومتوں کے خلاف اور قبلہْ اوّل کو آزاد کرانے کے حق میں نعرے بازی کی – یہ احتجاجی مظاہرہ نمازِ جمعہ کے بعد جامع مسجد المصطفیٰ منڈی سے برآمد ہوا اور امامیہ پارک منڈی میں اختتام پزیر ہوا جس کے بعد مولانا اقرار حیدر زیدی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ احتجاجی ریلی نہ صرف یہاں بلکہ آیتہ اللہ خمینی? کے حکم کی تعمیل میں دنیا کے ہر کونے میں نکالی جاتی ہے اور اس وقت تک نکالی جاتی رہے گی جب تک مسلمانوں کا قبلہْ اوّل آزاد نہ ہو اور دنیا کے مختلف حصّوں میں ہو رہے ظلم و بربریت کو روکا نہ جائے – ان کا کہنا تھا کہ قبلہْ اوّل کی آزادی اور دنیا میں ہو رہے ظلم و تشدد کو روکنے کے لئے امّت مسلمہ کو چاہئے کہ تمام ظالم و جابر حکومتوں کے خلاف متحد ہوناہوگا۔