سرینگر//شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ میں جمعرات کو عالمی یوم سرطان کے موقع پر ایک تقریب کا انعقاد کیا جس دوران ماہرین نے وادی میں کینسر بیماری کی روکھتام کیلئے عوامی سطح پر سکرینگ کو لازمی قرار دیا ۔ تقریب میں اسپتال کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹرفاروق احمد جان،ایچ او ڈی میڈیکل آنکولاجی ڈاکٹر غل محمد بٹ، شعبہ انٹرنل میڈیسن کے سربراہ ڈاکٹر پرویز احمد کول اور دیگر شعبہ جات کے سربراہان کے علاوہ طلبہ اور کینسر میں مبتلا مریضوں کی ایک بڑی تعداد نے حصہ لیا ۔جموں و کشمیر میںڈائریکٹر سکمز ائے جی آہنگر نے سکمز میں تعینات سرطان بیماری کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں اور انکے معان عملہ کی سراہنا کی اور ان پر زور دیا کہ وہ کینسر بیماری کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے دفاعی اور مربوط حکمت عملی ترتیب دیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ہو یا کینسر ہم ہر بیماری سے لوگوں کو بچانے کیلئے تیار ہیں۔ تقریب میں ڈاکٹر میر حسین، پروفیسر نذیر احمد خان ، ڈاکٹر شاہ نوید اور ڈاکٹر ریشما روشن نے اپنے مقالے پیش کئے۔ تقریب میں مباحثے کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں ڈاکٹر سید نثار اور دیگر ڈاکٹروں نے حصہ لیا جبکہ تقریب کے اختتام پر مصوری کے مقابلے میں امتیازی پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں کو انعامات سے نوازا گیا ۔