سرینگر //عالمی ادارہ صحت نے یوم ذیابطیس کیلئے’’ علاج تک سب کی رسائی‘‘ کے موضوع کا انتخاب کیا ہے تاکہ شوگر بیماری کے بارے میں لوگوں میں جانکاری کا اضافہ ہو۔ گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر کے شعبہ سوشل پروینٹو میڈیسن کی جانب سے ایس ڈی ایچ حضرت بل میں ایک تقریب کا اہمتام کیاگیا جس میں مریضوں کی مفت تشخیص کے علاوہ انہیں شوگر بیماری سے نپٹنے کے طریقوں کے بارے میں بھی جانکاری دی گئی۔ جی ایم سی میں شعبہ سوشل پروینٹیو مڈیسن کے سربراہ ڈاکٹر محمد سلیم خان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ سرینگر شہر میں 10فیصد لوگ شوگر بیماری کے شکار ہیں جبکہ مزید لوگ اس بیماری کے شکار ہورہے ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ شوگر مریضوں کو اپنے صحت کا خیال رکھنا ہے اور بیماری سے نپٹنے کے مختلف طریقوںکی بھی جانکاری دینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں 537ملین لوگ شوگر بیماری کے ساتھ زندگی بسر کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں ہر 6افراد میں سے ایک یعنی (17)شوگر بیماری کا شکار ہوتا ہے۔ ادھر ایس ڈی ایچ حضرت بل کے علاوہ پی ایچ سی نشاط، پی ایچ سی ہیروئن اور دیگر اسپتالوں میں بھی عالمی یوم ذیابطیس کے موقعہ پر سکریننگ اور جانکاری کیمپوں کا انعقاد کیا گیا ہے۔
عالمی یوم ذیابطیس
