عالمی وبا کا دباؤ | 2021 میں جمہوریت مزید گر گئی: رپورٹ

لندن //اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ (ای آئی یو) نے کہا ہے کہ 2021 میں عالمی وبا اور آمریت کی بڑھتی ہوئی حمایت کے باعث دنیا بھر میں ایک بار پھر جمہوری معیار میں کمی ہوئی ہے اور اب دنیا کی صرف 45 فیصد آبادی جمہوریت میں رہ رہی ہے۔لندن کے تجزیہ کار گروپ نے کہا ہے کہ 2020 میں دنیا کی نصف سے کم آبادی جمہوریت میں رہ رہی تھی، تاہم یہ رجحان مزید خراب ہو گیا ہے۔ای آئی یو نے کہا کہ سالانہ جمہوریت انڈیکس کے مطابق دنیا بھر میں جمہوریت کو مسلسل چیلنجز درپیش ہیں جو کہ کورونا وائرس کی وبا اور آمریت کی بڑھتی ہوئی حمایت کے باعث دباؤ کا شکار ہے۔اس سالانہ انڈیکس نے،  جو کہ عالمی جمہوریت کی حالت کی پیمائش فراہم کرتا ہے، 2010 کے بعد سب سے بڑی کمی ریکارڈ کی ہے جو کہ 2006 میں شائع ہونے والے پہلے انڈیکس سے اب تک کا بدترین اسکور اور مایوس کن ہے۔