واشنگٹن//عالمی وبا کورونا وائرس 'کووڈ 19' سے سب سے زیادہ تباہی والے دس ممالک میں سے چھ میں متاثرین کی موت کی شرح دس فیصد سے زیادہ ہے اور دنیا میں صحت کی خدمات کے لحاظ سے دوسرا مقام رکھنے والے اٹلی کی پوزیشن سب سے خراب ہے ۔اٹلی میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی شرح سب سے زیادہ 12.8 فیصد ہے اورمتاثرین کی تعداد 147،577 ہے اور قریب 18849 مریضوں کی اب تک موت ہو چکی ہے جو 12.8 فیصد ہے ۔جان ھوپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد دنیا بھرمیں سب سے زیادہ 501،301 ہے اور یہاں مرنے والوں کی تعداد دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے ۔ امریکہ کے لیے راحت کی بات یہ ہے کہ یہاں 496،535 متاثرین کی تعداد میں سے 18586 کی موت ہوئی ہے جو 3.7 فیصد ہے ۔ گزشتہ ایک ہفتے کے مقابلے میں اعداد و شمار تقریبا ایک فیصد بڑھ چکا ہے ۔ جرمنی میں متاثرین میں ہلاک شدگان کا تناسب سب سے کم 2.3 ہے ۔ ملک میں وائرس متاثرین کی تعداد 122،171 ہے جس میں 2767 کی موت ہوئی ہے ۔اسپین متاثرین اور موت کے معاملے میں تیسرے نمبر پر ہے ۔ یہاں متاثرین کی تعداد 158،273 اور مرنے والوں کی تعداد 16081 ہے جو متاثرین کے تناسب کا 10.2 فیصد ہے ۔ فرانس میں 125،931 افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور اب تک 13،216 متاثرین کی موت ہو چکی ہے جو ساڑھے دس فیصد ہے ۔ برطانیہ میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کا فیصد کافی زیادہ یعنی 12 فیصد ہے ۔ یہاں 74،065 افراد متاثر ہیں اوراب تک تقریبا 8974 افراد کی موت ہوچکی ہے ۔ ہالینڈ میں جان لیوا وائرس سے ابھی تک 23249 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 2520 کی موت ہو چکی ہے جو شرح کے اعتبار سے 10.8 فیصد ہے ۔