بانہال//ضلع رام بن کے کھڑی ، رامسو ، اکڑال پوگل پرستان اور بانہال کے علاقوں میں جمعہ کی شام چلی تیز ہوائوں اور درختوں کے گرنے کی وجہ سے کئی رہائشی مکانوں ، بانہال میں شاہراہ پر واقع ایک دکان اور کھاروان نیل میں ہائر سیکنڈری سکول کی عمارت کو نقصان پہنچا ہے اور درختوں کے اکھڑنے اور اخروٹ، سیب اور ناشپاتی کے درختوں اور فصل کو شدید نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں تاہم کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ رام بن ، بانہال ، کھڑی ، رامسو ، نیل اور پوگل پرستان کے علاقوں میں بجلی سمیت بجلی کی سپلائی کئی گھنٹوں تک منقطع رہی تاہم بعد میں بیشتر علاقوں میں بجلی بحال کی گئی۔جمعہ کی شام قصبہ بانہال میں شاہراہ پر چلتے ٹریفک کے دوران منظور احمد وانی ساکنہ بنکوٹ کے مرغوں کے دکان کی چھت تیز ہواسے اکھڑ گئی اور تیز ہوا اور سڑک پر اڑتی چھت اور دھول مٹی کی وجہ سے وہاں ٹریفک کی نقل وحرکت بھی چند لمحوں کیلئے تھم گئی۔سینئر سیاسی لیڈر اور بی ڈی سی کونسلر اکڑال اے پوگل پرستان بشیر احمد رونیال نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اکڑال پوگل پرستان ، مالیگام ، رامسو ، سربگھنی ، کھڑی ، دردہی اور بانہال کے کئی علاقوں میں جمعہ کی شام آئی تیز آندھی کی وجہ سے فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے اور تیز کو کیسے درختوں سے اخروٹ، سیب ، ناشپاتی سمیت دیگر پھل زمین پر آگرے ہیں اور غریب عوام کو شدید نقصانات سے دوچار ہونا پڑا ہے۔ انہوں نے متاثرین کے نقصانات کا جائزہ لینے اور معاوضہ ادا کرنے کی حکام سے اپیل کی ہے۔ ضلع ترقیاتی کونسل کے کونسلر بشیر احمد رونیال کے علاوہ بلاک چیئر پرسن بلاک اکڑال کرلیپ سنگھ بالی ، بی ڈی سی چیئرمین رامسو شفیق احمد کٹوچ، بی ڈی سی چیئر مین کھڑی سجاد حسین ، اور بانہال بلاک چئیر پرسن راشدہ بیگم نے ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت الاسلام سے نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے ٹیمیں روانہ کرنے کی اپیل کی ہے اور گورنر انتظامیہ کو متاثرین کیلئے مالی معاوضیںکا پیکیج بنانے کی اپیل کی ہے ۔ بلاک اکڑال چیئرمین کرلیپ سنگھ بالی نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بلہوت بی میں دو مکانوں کی چھت اڑ گیا اور شدید نقصانات پہنچا ہے جبکہ آلنباس اے میں دھان سنگھ کا مکان بھی تیز ہوائوں کی وجہ سے شدید نقصان سے دوچار ہوگیا ہے اور مکان کی چھت بھی ہوا نے اڑا ئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اخروٹ اور سیب کے درختوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ اس دوران تنویر احمد ولد محمد عبداللہ شیخ وارڈ نمبر 5 پنچایت سیری بی کے مکان کی چھت تیز رفتار ہوا سے تباہ ہونے کی بھی خبر ہے جبکہ رامسو کے سربگھنی میں نقصانات کی اطلاعات ہیں۔ بلاک ترقیاتی کونسلر رامسو شفیق احمد کٹوچ نے ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت الاسلام سے اپیل کی ہے کہ وہ نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے متاثرہ علاقوں میں محکمہ مال اور ہارٹیکلچر کی ٹیمیں روانہ کی جائیں ۔
طوفانی ہوائوںنے رام بن ضلع کے کئی علاقوں میں تباہی مچادی | درجنوں تعمیراتی ڈھانچوںکونقصان، فصلیں او ر میوہ باغات بھی نقصان سے دوچار
