جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر کے کے شرما نے کورونا وائرس کی وَبا کے مد نظر ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن ، کالج اور یونیورسٹیوں کے حکام کو ہدایت دی کہ وہ طلبا ء کو ورچیول کلاس روم اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم مہیاکریں تاکہ اُن کی تعلیم متاثر نہ ہوں۔مشیر موصوف نے ان باتوں کا اظہار ٹیلی کانفرنسنگ کے ذریعے دونوں صوبوں کے محکمہ تعلیم کے سربراہان کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقعہ پر بتایا کہ دونوں محکمے مشیر موصوف کی ہدایات کے پیش نظر طلباء کو سٹیڈی میٹریل فراہم کرنے کے لئے تمام ممکنہ کوششیں انجام دے رہے ہیں۔اِس کے علاوہ نجی سکول بھی یونین ٹریٹر ی کے طول و عرض میں بچوں کو ہوم اسائنمنٹ فراہم کرتے ہوئے محکمہ تعلیم کی کوششوں کو استحکام بخش رہے ہیں۔میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ اساتذہ اور آڈیو اور ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بچوں تک پہنچنے کے لئے مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارموں کا استعما ل عمل میں لارہے ہیں۔اس کے علاوہ جہاں ممکن ہو زوم ایپ اور گوگل کلاسز کے ذریعے آن لائن تعلیم فراہم کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔مشیر موصوف کو مزید بتایا گیا کہ موجودہ صورتحال کے مد نظر سکولی تعلیم کے دونوں ڈائریکٹوریٹوں نے ورچیول سکولنگ پروجیکٹ کا آغاز کیا ہے جہاں ماہر اور تجربہ کار اساتذہ جے اینڈ کے انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے سٹیڈیوز کے ذریعے بچوں کو ضروری تعلیم فراہم کر رہے ہیں۔اس کے علاوہ ڈی ڈی کاشر چینل اور مقامی کیبل نیٹ ورک کے ذریعے بھی بچوں کو مضامین پڑھائے جارہے ہیں۔میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ اِس وقت روزانہ شام کے 4بجے سے شام کے 6بجے تک 30منٹوں کے دو کلاس نشر کئے جاتے ہیں اور طلباء اپنے مضامین گھروں میں بیٹھ کر پڑھ سکتے ہیں۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ سکولی تعلیم کے ڈائریکٹوریٹ یوٹیوب چینلوںپر مختلف مضامین بچوں تک پہنچانے کے لئے اَپ لوڈ کرتے ہیں ۔ اس کے علاوہ ڈِکشا جو ایم ایچ آر ڈی کا ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے، بھی اساتذہ ، طلباء اور والدین کو بچوں کے لئے سٹیڈی میٹریل فراہم کرنے میں مصروف العمل ہے ۔ اس کے علاوہ ایم ایچ آر ڈی کا ایک اور پلیٹ فارم ای۔ پاٹھ شالہ این سی ای آر ٹی پر بھی طلباء کی رہنمائی کے لئے میٹریل دستیاب ہے ۔مشیر موصوف نے والدین اور طلباء سے اپیل کی کہ وہ مختلف پلیٹ فارموں پر دستیاب تعلیمی میٹریل و خدمات سے استفادہ کریں تاکہ طلباء ہر موقعہ پر اَپ ڈیٹیڈ رہے۔بعد میں مشیر موصوف نے اعلیٰ تعلیم کے سیکرٹری اور جموں یونیورسٹی اور کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلروں کے ساتھ مختلف آن لائن اقدامات پر بات چیت کی، جو مستقبل قریب میں عمل آور ہوں گے۔