سرنکوٹ// سب ضلع ہسپتال سرنکوٹ میں ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے کی قلت پر لوگوں کی طرف سے احتجاج کیاگیا اور انہوںنے انتباہ دیاکہ اگر آئندہ جمعہ تک ملازمین کی تعیناتی نہ ہوئی تو وہ بڑے پیمانے پر مظاہرے کریںگے ۔ گزشتہ جمعہ کو مرکزی جامع مسجد کے امام وخطیب عبدالمصطفیٰ نے ڈاکٹروں کی کمی پر یہ اعلان کیاتھاکہ اگر آئندہ جمعہ کو فیزیشن ، خواتین اور بچوں کے امراض کے ڈاکٹروں کی تعیناتی عمل میں نہ لائی گئی تو وہ احتجاج کریںگے اور ہسپتال کو ہی مقفل کردیاجائے گا۔ اس جمعہ تک ڈاکٹروں کی تعیناتی نہ ہونے پر طے شدہ شیڈیول کے مطابق احتجاج کیاگیا اور اس دوران مرکزی جامع مسجد سے جلوس بر آمد ہوا جسے پولیس کی بھاری نفر ی نے چیک پوسٹ پر ہی روک دیا اور آگے نہیں بڑھنے دیاگیا۔اس موقعہ پر مظاہرین نے دھرنا دیا اور وزیر صحت و ڈائریکٹر ہیلتھ سروسزجموں کے خلاف سخت نعرے بازی کی گئی ۔انہوںنے کہاکہ ہسپتال میں لائے جانے والے مریضوں کا علاج ہی نہیں ہورہا کیونکہ یہاں ڈاکٹر ہی تعینات نہیں ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ڈاکٹروں کی عدم دستیابی کی وجہ سے کئی اموات ہوچکی ہیں ۔مظاہرین نے کہا کہ اگر آئندہ جمعہ تک ڈاکٹروں کی تعیناتی نہ ہوئی تو وہ سرنکوٹ میں بڑے پیمانے پر احتجاج کریںگے اور اس کی ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی ۔جب اس سلسلے میں ایس ڈی ایم سرنکوٹ ڈاکٹر پرویز احمد خان سے بات کی گئی تو ان کاکہناتھاکہ وہ آج ہی ڈپٹی کمشنر پونچھ کو اس حوالے سے رپورٹ پیش کردیںگے تاکہ آئندہ جمعہ تک ڈاکٹر تعینات کئے جائیں ۔