سرینگر //انتظامی کونسل کی میٹنگ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہاکی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں جموں کشمیر کے طبی اداروں کو مزید مستحکم بنانے کیلئے عالمی بنک کی معاونت والے پروجیکٹ کی عمل آوری کو منظوری دی گئی ۔ جس کے تحت آئی سی یوز ، اوپریشن تھیٹروں ، لیبارٹریوں اور پاور بیک اپ نظام کو ضلع سطح پر مزید مستحکم بنانے کیلئے ساز و سامان فراہم کیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ ایس ڈی ایچ اور کمیونٹی ہیلتھ مراکز میں گیس پائپ لائنوں اور مینی فولڈ سسٹم کی تنصیب اور کریٹی کل کیئر ایمبو لینسوں کی فراہمی کو بھی منظوری دی گئی ۔ انتظامی کونسل نے جموں کشمیر میڈیکل سپلائیز کارپوریشن لمٹیڈ کے ذریعے ہسپتالوں کیلئے کریٹی کل کئیر ایمبو لینس اور دیگر طبی ساز و سامان کے حصول اور تنصیب کو منظوری دی ۔ اس کے ساتھ ہی میکنیکل انجینئرنگ محکمہ کے ذریعے جموں کشمیر کے مجوزہ سب ضلع ہسپتالوں /کمینوٹی ہیلتھ سنٹروں میں میونی کولڈ اور گیس پائیپ لائین نظام کے قیام کو بھی منظوری دی گئی ۔ واضح رہے طبی اداروں کو مستحکم بنانے کیلئے عالمی بنک کی معاونت کا پروجیکٹ جہلم توی فلڈ ریکوری پروجیکٹ ( جے ٹی ایف آر پی ) کا ایک حصہ ہے جس کے 7 اجزاء ہیں جن کا مقصد نقصان زدہ بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نو اور باز آباد کاری ہے ۔
طبی اداروں کو مستحکم بنانے کیلئے انتظامی کونسل نے عالمی بنک کے پروجیکٹوں کو منظوری دی
