رام بن //ضلع ہسپتال کی جانب جارہی سڑک اور لنک روڈوں پر دکانداروں کی جانب سے اپنا سامان سڑک پر رکھنے کی وجہ سے ضلع ہسپتال کو جانے والے مریضوں اور تیمار داروں کو کافی پریشانیوںکا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ کئی بار تو مریضوں کی زندگیاں خطرے میں پڑجاتی ہیں۔ضلع ہسپتال رام بن اور ٹراما ہسپتال قومی شاہراہ سے فقط 500میٹر کی دوری پر واقع ہے لیکن ٹریفک کے بھاری رش کی وجہ سے اور سڑک پر ناجائز تجاوزات کی وجہ سے مریضوں کو ان دونوں ہسپتالوں تک پہنچنے میں کافی وقت لگتا ہے۔لوگوں کا الزام ہے کہ دکانداروں کی جانب سے سڑکوں پر ناجائز تجاوزات سے لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ یہ سڑکیں دوکانداروں کے ناجائز تجاوزات سے تنگ ہو گئی ہیں۔ لوگوں کی شکایت ہے کہ پولیس اسٹیشن گیٹ سے ضلع کورٹ کمپلیکس اور اے ایم ٹی سکول کی غلط پارکنگ کی وجہ سے اس علاقہ میں کافی ٹریفک جام رہتا ہے ۔ہسپتال کے ڈاکٹروں کا مبینہ الزام ہے کہ ہسپتال کے باہر ٹریفک جام اور ہسپتال کی جانب سڑکوں پر ٹریفک جام مریضوں کی زندگیوں کے لئے خطرہ بن گیا ہے۔ان ڈاکٹروں کے مطابق پہلے چند منٹ ہی خاص بیماریوں میں مبتلا مریضوں جیسے کہ حرکت قلب بند ہونے اور سانپ کے کاٹنے والے مریضوں کے لئے بہت ہی معنی رکھتے ہیں لیکن ٹریفک جام میں پھنسنے کی وجہ سے بہت سے بیماروں کی حالت خراب ہو جاتی ہے۔لوگوں کی مبینہ شکایت ہے کہ ضلع و سب۔ضلع انتظامیہ ،ٹریفک پولیس اس غفلت شعاری پر خامو ش بیٹھے ہوئے ہیں۔انہوںنے الزام لگایا ہے کہ میونسپل حُکام بھی دوکانداروں کے ساتھ ساز و باز کرکے انہیں مین روڈ پر ناجائز تجاوزات کرنے کی اجازت دیتے ہیں۔لوگوں کے ان مبینہ الزامات پر انتظامیہ یا میونسپل کمیٹی کا کوئی بھی اہلکارتبصرہ کرنے کے لئے تیار نہیں تھا ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ ضلع انتظامیہ اور پولیس بشمول بلدیاتی اہلکاروں کے رویہ سے غیر مطمئن ہیں۔