راجوری //ڈاکٹروں کی مبینہ لاپرواہی سے ہورہی اموات کی وجہ سے شدید تنقید کی زد میں آئے ضلع ہسپتال راجوری کی انتظامیہ مریضوں کی زندگی کیساتھ کھلواڑ کررہی ہے ۔خاص طور پر نئے پیدا ہونے والے بچوںکی زندگیوں کے ساتھ کھیل کھیلاجارہاہے کیونکہ ہسپتال کے سپیشل نیو نیٹل کیئر یونٹ (ایس این سی یو ) میں بیشتر آلات ناقابل استعمال بن چکے ہیں اور انتظامیہ کی طرف سے ان کی مرمت کرنے یا ان کی جگہ کوئی متبادل انتظام کرنے کیلئے کوئی بھی دھیان نہیں دیاجارہا۔ذرائع نے کشمیرعظمیٰ کو بتایاکہ ایس این سی یو جسے چند برس قبل ہی ہسپتال میں شروع کیاگیاتھا، کے بیشتر آلات کئی ماہ سے ناقابل استعمال ہیں جس سے ہسپتال کے اندرونی نظام کا حشر پتہ چلتاہے ۔ذرائع نے مزید بتایاکہ حال ہی میں چیف میڈیکل افسر راجوری کی قیادت میں ایک ٹیم نے جب اس یونٹ کا دورہ کیا تو وہاں پایاکہ بہت سے آلات ناقابل استعمال ہیں اور یونٹ کے ذمہ داران اس پر کوئی توجہ نہیں دے رہے ۔اس دوران انفینٹ ریڈیانٹ وارمر، فوٹو تھراپی یونٹ ، ڈبل فوٹوتھراپی یونٹ ، آکسیجن کنسنٹریٹرس ، سکشن مشینیں ، او ٹی لائٹ ، ٹرانسپورٹ انکیوبیٹر ، ویئنگ مشینیں ، نیڈل کٹر ، پورٹ ایبل ایکسرے مشین ، بلروبن میٹر ، سنٹریفیوج مشین وغیرہ ناقابل استعمال پائے گئے باوجود اس حقیقت کہ حکام کی طرف سے اس یونٹ کو چلانے کیلئے مناسب رقومات بھی فراہم کی گئی ہیں ۔ذرائع کاکہناہے کہ متعلقہ ذمہ دارا ن یونٹ کے ان آلات کی مرمت کرنے یا کوئی متبادل انتظام کرنے میںپوری طرح سے ناکام ہوگئے ہیں اور اس یونٹ میں کلینکل لیب بھی قائم نہیں کی گئی ہے جو قواعد و ضوابط کے مطابق ہونی چاہئے ۔