عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع پولیس کشتواڑ نے ہارڈویئر و کریانہ اشیاء سے متعلق دو چوری کے معاملات کو حل کرکے چھ ملزمان کو گرفتار کیا ہے اور ان سے 5لاکھ روپے کی مسروقہ املاک برآمد کی ہیں۔ پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 7جنوری کو پولیس سٹیشن کشتواڑ کو شالیمار گلاس ہاؤس کے مالک محمد فاروق کی جانب سے اپنے سٹور سے گیزر و دیگر ہارڈویئر اشیاء کی چوری کے حوالے سے ایک تحریری شکایت موصول ہوئی۔ شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے ایف آئی آر زہر نمبر 9/2025دفعہ 305/331(4) بی این ایس کے تحت درج کی گئی اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔ اس کے بعد 11جنوری کو رمن گپتاولد بودھ راج گپتا ساکن شکتی نگرکشتواڑ نے ایک اور شکایت درج کرائی جس میں اس کی دکان سے کریانہ کی اشیاء کی چوری کی اطلاع دی گئی۔ اس کے مطابق ایف آئی آرزیر نمبر 14/2025دفعہ 331(4)/305 بی این ایس کے تحت درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔فوری کارروائی کرتے ہوئے ایس ایس پی کشتواڑ جاوید اقبال میر نے ایس ایچ او کشتواڑ انسپکٹر فردوس احمد کی سربراہی میں ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جس کی نگرانی ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر کشتواڑ ڈاکٹر ایشان گپتا کررہے تھے۔ پولیس نے تکنیکی معلومات اور باریک بینی سے تفتیش کے امتزاج کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کلید چوک کشتواڑ کے رہائشی راہول سنگھ ولد منگل سنگھ کی شناخت کی اور اسے گرفتار کیا۔ اس کے انکشاف کے بعد پانچ دیگر ساتھیوں کو گرفتار کر کے ان سے مکمل پوچھ گچھ کی گئی۔ ملزمان کی شناخت راہول سنگھ ولد منگل سنگھ ساکن نزدیک ٹی آر سی کشتواڑ،عبدالحمید ولد غلام نبی ساکن میلن،محمد رفیع ولد غلام قادر ساکن دھر تاحال درابشالہ کشتواڑ ، ابھیشیک مہاجن ولد کیول کشور ساکن ادھم پور سٹی تاحال ٹھاٹھری ڈوڈہ ، ارشاد احمد ولد محمد حسین ساکن ٹھاٹھری ڈوڈہ و راجیش کمار گپتاو لد بودھ راج گپتا ساکن کاندنی کشتواڑ کے طور ہوئی ۔مسلسل پوچھ گچھ کے دوران ملزمان نے چوری کی وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا اور ان مقامات کا انکشاف کیا جہاں پر مسروقہ مال چھپایا گیا تھا۔اس اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس ٹیم نے 5لاکھ روپے کی مسروقہ اشیاء کو کامیابی کے ساتھ برآمد کیا۔