چوگان گراؤنڈ میں تیس ہزار سے زائد افراد نے نماز عید کی ادا
عاصف بٹ
کشتواڑ// ضلع کشتواڑ میں بھی عیدالاضحیٰ کا تہوار نہایت مذہبی جوش و خروش اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر ضلع بھر میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے جن کے بیچ ہزاروں کی تعداد میں فرزندانِ اسلام نے نمازِ عید ادا کی اور سنتِ ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے قربانی کا فریضہ انجام دیا۔سب سے بڑی عید تقریب کا اہتمام قصبہ کشتواڑ کے تاریخی چوگان گراؤنڈ میں کیا گیا، جہاں لگ بھگ تیس ہزار سے زائد افراد نے نمازِ عید ادا کی۔ نمازِ عید ٹھیک صبح نو بجے ادا کی گئی۔ اس عظیم اجتماع میں نہ صرف قصبہ کشتواڑ بلکہ اس کے ملحقہ علاقوں سنگرام بھاٹہ، پوہی، ہولر، پوچھال اور دیگر قریبی دیہی علاقوں سے بھی بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔نماز کے بعد بڑی تعداد میں جلوس نکالاگیا جو فرید چوک سے ہوتے ہوے دربار فریدیہ پر اختتام پذیر ہوا اور وہاں اسلامی پرچم کو سلامی دی گئی اور ملک و ملت کی سلامتی، امن و امان اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ اس موقع پر جامع مسجد کے امام نے اپنے خطاب میں عیدالاضحیٰ کی اہمیت، فلسفۂ قربانی اور اسلامی تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ دینِ اسلام کے اصولوں پر کاربند رہیں اور باہمی بھائی چارے کو فروغ دیں۔انتظامیہ کی جانب سے نہ صرف چوگان گراؤنڈ بلکہ ضلع کے دیگر تمام عیدگاہوں بھی سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔ پولیس اور سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات رہی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکا جا سکے اور نمازِ عید پرامن ماحول میں ادا کی جا سکے۔ضلع کے دیگر علاقوں ،جن میں پاڈر، ناگسینی، ڈول، پلماڑ، چھاترو، مغل میدان، چنگام، کیشوان، ٹھکرائی، مڑواہ، دچھن، واڑون، بونجواہ، درابشالہ اور سروڑ شامل ہیں، سے موصولہ اطلاعات کے مطابق تمام مقامات پر نمازِ عید مقررہ اوقات کے مطابق مساجد اور عیدگاہوں میں ادا کی گئی۔ ان علاقوں میں بھی سکیورٹی کے معقول انتظامات کیے گئے تھے۔ عیدالاضحیٰ کے موقع پر لوگوں نے بڑی تعداد میں قربانی کا اہتمام کیا اور جانوروں کو ذبح کر کے سنتِ ابراہیمی کو زندہ کیا۔ اس موقع پر ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ ، ایس ایس پی کشتواڑ اور دیگر سول و پولیس افسران بھی عیدگاہ میں موجود رہے۔ انہوں نے عوام الناس کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی اور ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے عوام کے تعاون کو سراہا۔مجموعی طور پر ضلع کشتواڑ میں عیدالضحیٰ کا تہوار پُرامن، منظم اور خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوا، جہاں مذہبی روایات کو بھرپور انداز میں نبھایا گیا۔