اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ضلع ڈوڈہ میں پانچ روز کی معطلی کے بعد موبائل انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر بحال کر دی گئی، جس کے بعد عوام، طلبہ، تاجروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد نے راحت کا اظہار کیا۔انتظامیہ نے چھ روز قبل بھدرواہ کے جائی علاقے میں پولیس فائرنگ کے دوران ایک مقامی نوجوان کی ہلاکت کے بعد احتیاطی اقدام کے طور پر ضلع بھر میں موبائل انٹرنیٹ اور وائی فائی خدمات معطل کر دی تھیں۔انٹرنیٹ سروس کی معطلی کے باعث سرکاری و غیر سرکاری دفاتر میں آن لائن کام متاثر ہوا، طلبہ کی تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہوئیں جبکہ کاروباری طبقے کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔آن لائن لین دین، بینکنگ، ای۔سروسز اور دیگر ڈیجیٹل سہولیات بھی بری طرح متاثر رہیں۔ انتظامیہ نے تین روز بعد وائی فائی خدمات اور صرف 2 جی موبائل انٹرنیٹ بحال کیا تھا، تاہم انتہائی سست رفتار انٹرنیٹ کے باعث صارفین کو خاطر خواہ سہولت میسر نہیں آ رہی تھی اور عوام مسلسل مکمل رفتار کے ساتھ انٹرنیٹ بحال کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔منگل و بدھ کی درمیانی شب ضلع بھر میں مکمل موبائل انٹرنیٹ سروس بحال کر دی گئی، جس کے بعد معمول کی آن لائن سرگرمیاں دوبارہ شروع ہو گئیں۔