محتشم احتشام
پونچھ//محرم الحرام کی مناسبت سے سرحدی ضلع پونچھ کے مختلف علاقوں میں حضرت قاسم ابن الحسنؑ کی یاد میں جلوسِ عزا اور مجالسِ عزاء کا سلسلہ عقیدت و احترام کے ساتھ جاری ہے۔ چھ اور سات محرم الحرام کے موقع پر ضلع کے متعدد مقامات پر جلوسِ عزا برآمد کیے گئے جن میں عزاداران نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے شہدائے کربلا بالخصوص حضرت قاسمؑ کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔تفصیلات کے مطابق چھ محرم الحرام کو نمازِ مغربین کے بعدپونچھ، منڈی، سرنکوٹ اور موہری گورسائی سمیت مختلف علاقوں میں جلوسِ عزا برآمد ہوئے، جبکہ سات محرم الحرام کے روز بھی ضلع بھر میں متعدد مقامات پر عزائی جلوس نکالے گئے۔
گائوں قصبہ میں انجمن کاظمیہ قصبہ کے زیرِ اہتمام ایک عظیم الشان جلوسِ عزا تکیہ شریف سے برآمد ہوا جو اپنے مقررہ اور روایتی راستوں سے گزرتا ہوا امام بارگاہ عالیہ میں اختتام پذیر ہوا۔جلوس کے دوران مختلف انجمنوں اور ماتمی دستوں نے نوحہ خوانی اور سینہ زنی کے ذریعے شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو یاد کیا۔اس موقع پر منعقدہ مجالسِ عزا سے خطاب کرتے ہوئے علماء کرام اور ذاکرین نے حضرت قاسم ابن الحسنؑ کی سیرت، کردار اور کربلا میں ان کی لازوال قربانی پر روشنی ڈالی۔ادھر انجمن منتظریہ سنئی پنیالی کے زیرِ اہتمام بھی ایک جلوسِ عزا تکیہ حضرت غازی عباسؑ سے برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستوں سے گزرتا ہوا مسجد شریف پنیالی میں اختتام پذیر ہوا۔اس جلوس میں بھی عزاداروں کی بڑی تعداد شریک ہوئی اور حضرت قاسمؑ کی یاد میں پرسہ داری کی گئی۔واضح رہے کہ محرم الحرام کے دوران ضلع پونچھ کے مختلف علاقوں میں مجالسِ عزا، جلوسِ عزا اور دیگر مذہبی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے، جن میں ہزاروں عقیدت مند شرکت کرکے شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔انتظامیہ کی جانب سے بھی عزاداروں کی سہولت اور امن و امان کے قیام کے لیے مناسب انتظامات کیے گئے ہیں۔انجمن معصومیہ ہنڈی گورسائی کے زیرِ اہتمام بھی ایک جلوسِ برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستوں سے گزرتا ہوا آگے بڑھا۔اس جلوس میں بھی عزاداروں کی بڑی تعداد شریک ہوئی اور حضرت قاسمؑ کی یاد میں پرسہ داری کی گئی۔